گزشتہ روز جب ایپل کے اب تک کے سب سے مہنگے اسمارٹ فون ایپل آئی فون ٹین (ایکس) کے pre-orders لینے کا آغاز ہوا تو صرف دس منٹ میں ہی تمام دستیاب آئی فون ٹین خرید لیے گئے۔
آئی فون ٹین جس کی قیمت ایک ہزار ڈالر سے شروع ہوتی ہے، ایپل کے میک کمپیوٹر سے بھی زیادہ مہنگا ہے۔ لیکن اتنی زیادہ قیمت ہونے کے باوجود آئی فون کی مانگ میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ بے انتہا مانگ کی وجہ سے پری آرڈر کے آغاز کے چند ہی منٹ بعد کمپنی کے آن لائن شاپنگ سرور میں مسئلہ پیدا ہوگیا۔ پری آرڈر کیے گئے ایپل آئی فون ٹین کی شپنگ کا آغاز تین نومبر سے ہوگا۔
زبردست مانگ نے ایپل کے لیے بھی پریشانی پیدا کردی ہے کیونکہ وہ اتنی بڑی تعداد میں آئی فون ٹین سپلائی کرنے سے قاصر نظر آتا ہے۔ حال ہی میں بلومبرگ نے رپورٹ کیا تھا کہ ایپل نے آئی فون ٹین کی پروڈکشن کو تیز کرنے کے لیے چند کوالٹی کنٹرول عناصر کو پروڈکشن لائن سے ختم کردیا ہے۔ ایپل نے البتہ ایسی کسی حرکت کی تردید کی ہے۔
آئی فون 8 اور 8 پلس کی ڈیمانڈ آئی فون کے سابقہ ورژنز کے مقابلے میں خاصی کم ہے۔ اس لیے ایپل کے لیے دہری پریشانی ہے کہ وہ آئی فون 8 اور 8 پلس کی ڈیمانڈ میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کرے اور آئی فون ٹین کی سپلائی میں اضافہ کرے۔