وائرس اور مال ویئر سے نمٹنے کے لیے پورٹ ایبل ایمرجنسی کِٹ

کمپیوٹر صارفین کے لیے وائرس/ مال ویئر کوئی نئی چیز نہیں، یہ بِن بلائے مہمان کبھی بھی آ دھمکتے ہیں۔ اگر کبھی آپ کو محسوس ہو کہ آپ کا پی سی وائرس سے متاثر ہو چکا ہےاور آپ کا اینٹی وائرس اس معاملے میں بالکل بے بس دکھائی دے رہا ہے تو آپ کو چاہیے حفاظت کی ایک اور تہہ۔ ایمسی سوفٹ ایمرجنسی کِٹ (Emsisoft Emergency Kit)اس صورت حال میں بہترین انتخاب ہے۔

اینٹی وائرس سے جب سسٹم کو اسکین کیا جاتا ہے تو اکثر اسے اسکین مکمل کرنے کے لیے گھنٹوں درکار ہوتے ہیں۔ جب کہ اس ایمرجنسی کِٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ صرف چند منٹوں میں مکمل سسٹم کو اسکین کر کے وائرسز پر قابو پا سکتی ہے۔ وائرس پکڑنے کے لیے اس میں دو زبردست انجن موجود ہیں جس کی وجہ سے وائرس پکڑنے کی اس کی اوسط انتہائی شاندار ہے۔

صرف مال ویئر یا وائرس ہی نہیں یہ ایمرجنسی کِٹ ایسے پروگرامز اور براؤزر میں موجود غیر ضروری ٹول بارز کی بھی نشاندہی کرتی ہے جو کہ مشکوک ہوں اور ان کو انسٹال نہیں کرنا چاہیے۔

 

اسے کام کرنے کے لیے انٹرنیٹ بھی درکار نہیں ہوتا یعنی اسے آپ ڈاؤن لوڈ کر کے کسی بھی پی سی پر بذریعہ یو ایس بی فلیش ڈرائیو استعمال کر سکتے ہیں۔ البتہ پروگرام اگر کافی دن پہلے سے ڈاؤن لوڈ کر رکھا ہو تو ون کلک اپ ڈیٹ کا آپشن بھی موجود رہتا ہے۔

ایک وائرس زدہ کمپیوٹر پر قابو پانا آسان نہیں ہوتا، اس پر اینٹی وائرس یا کوئی سکیوریٹی پروگرام انسٹال کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ کِٹ مکمل طور پر پورٹ ایبل ہے۔ یعنی اسے انسٹال کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، اسے کسی بھی اینٹی وائرس کی موجودگی میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس کا کام مکمل ہونے کے بعد بے شک آپ اسے ڈیلیٹ بھی کر سکتے ہیں۔

یقیناً آپ جانتے ہوں گے کہ کمپیوٹر میں مال ویئر کبھی بھی آسکتا ہے اس لیے یہ کِٹ آپ کے پاس ضرور موجود ہونی چاہیے۔ اس کے سیکڑوں صارفین نے اس کے کام کرنے کی تعریف کی ہے کیونکہ اسے خاص طور پر مال ویئر سے نمٹنے کے لیے بڑے اچھے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔

مفت ڈاؤن لوڈ کریں