ویب سائٹ ضرورت کے تحت لوڈ کریں
ویب پروگرامنگ کی دنیا میں کئی ایسی چیزیں آئیں جنھوں نے ویب سائٹس کو کھلنے میں انتہائی آسانی فراہم کی۔ ایسی ہی ایک چیز آج کل استعمال کی جا رہی ہے جسے ’’لیزی لوڈ‘‘ (Lazy Load)کہتے ہیں۔ دراصل اس میں ویب سائٹ کو ضرورت کے تحت ہی لوڈ کیا جاتا ہے۔ یعنی ایک طویل ویب پیج کو ایک ساتھ لوڈ نہیں کیا جاتا بلکہ صارف کے اسکرول کرنے کا انتظار کیا جاتا ہے۔ اگر وہ پورا صفحہ دیکھے بغیر ہی ویب پیج بند کر دے تو پوری ویب سائٹ کھولنے کی کیا ضرورت؟ خصوصاً تصاویر کی حامل ویب سائٹس پر یہ طریقہ کار انتہائی کارآمد اور بینڈوڈتھ بچانے کے لیے مفید ثابت ہوا۔
اگر آپ اپنی ورڈپریس ویب سائٹ پر ’’لیزی لوڈ‘‘ کا فیچر استعمال کرنا چاہتے ہیں تو ’’بی جے لیزی لوڈ‘‘ (BJ Lazy Load) استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ پلگ ان ویب سائٹ پر موجود تمام تصاویر، پوسٹس، تھمب نیلز، گریویٹر امیجز اور دیگر مواد کو پلیس ہولڈر (Placeholder) میں منتقل کر دیتا ہے۔ اس طرح جب صارف کسی حصے میں آتا ہے تو ہی ویب سائٹ کے اُس حصے کو لوڈ کیا جاتا ہے۔
اچھی بات یہ ہے کہ یوٹیوب یا ویمیو وغیرہ سے امبیڈ کی گئی وڈیوز، ویجیٹس اور آئی فریمز کی سپورٹ کا بھی حامل ہے۔ اس کے علاوہ اسے RICG یعنی Responsive Images پلگ ان کے ساتھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ تصویر ضرورت کے تحت اپنا سائز خود بخود بدل لیتی ہیں۔ مثلاً اگر صارف ڈیسک ٹاپ پر ویب سائٹ دیکھ رہا ہو تو یہ تصویر کی لمبائی چوڑائی بڑھا دیتا ہے اور اگر اسمارٹ فون پر دیکھ رہا ہو تو اُسی حساب سے تصویر چھوٹی کر کے دِکھاتا ہے تاکہ ویب سائٹ کی دلکشی برقرار رہے۔