اینڈروئیڈ گیمز اور ایپلی کیشن کا مزہ پی سی پر حاصل کریں

اینڈروئیڈ اس وقت بلاشبہ دنیا کا سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا آپریٹنگ سسٹم ہے۔ لاتعداد گیمز اور ایپلی کیشنز کی وجہ سے اینڈروئیڈ انتہائی دلچسپی کا مرکز بن چکا ہے۔ اسی لیے اب ڈیسک ٹاپ کے لیے بھی ایسے پروگرامز بن رہے ہیں جن کی مدد سے اینڈروئیڈ جیسا ماحول پی سی پر حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے بلیواسٹیکس ایک انتہائی معروف پروگرام ہےاور دیگر بھی کئی پروگرام دستیاب ہیں ان سبھی کو بھاری بھرکم ہارڈویئر بھی درکار ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہر ڈیسک ٹاپ پر ان کا چلنا ممکن نہیں ہوتا۔ تاہم ’’کو پلیئر‘‘ (Koplayer)کی صورت میں ایک بہترین اینڈروئیڈ پلیٹ فارم سبھی ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے بالکل مفت موجود ہے۔

اگر آپ اینڈروئیڈ کی گیمز اور ایپلی کیشنز کو اپنے ڈیسک ٹاپ پر استعمال کرنا چاہتے ہیں تو ’’کو پلیئر‘‘ ڈاؤن لوڈ کر لیں۔ اس پروگرام کی مدد سے آپ اینڈروئیڈ کا مزہ بڑی اسکرین پر حاصل کر سکتے ہیں۔

سب سے پہلے تو آپ کو یہ بتا دیں کہ اس پروگرام کا سائز 288MB ہے جو کہ آج کل کے تیز ترین انٹرنیٹ کے دور میں ڈاؤن لوڈ کرنا کوئی بڑا مسئلہ نہیں۔
اس کی انسٹالیشن کے بعد جب آپ اسے چلائیں گے تو بالکل اینڈروئیڈ فون کی طرح اس میں بھی گوگل اکاؤنٹ سے لاگ اِن کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، تاکہ گوگل پلے اسٹور سے ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کی جا سکیں۔ اگر آپ کے پاس گوگل اکاؤنٹ موجود نہ ہو تو سائن اپ کا آپشن بھی موجود ہو گا۔ جس کے ذریعے آپ نیا گوگل اکاؤنٹ مفت بنا سکتے ہیں۔

سیٹ اپ مکمل ہونے کے بعد یہ پروگرام آپ کو ڈیسک ٹاپ پر ایک اینڈروئیڈ فون کی موجودگی کا احساس دلاتا ہے۔ مزیدار بات یہ ہے کہ یہ خود بخود ماؤس اور کی بورڈ کو شامل کر لیتا ہے تاکہ آپ باآسانی اسے استعمال کر سکیں۔

چونکہ اس کے ذریعے گوگل پلے اسٹور آپ کی دسترس میں ہوتا ہے اس لیے آپ جو چاہیں گیمز یا ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کر کے اس میں انسٹال کر سکتے ہیں۔
گیمز کھیلتے ہوئے یا کوئی ایپلی کیشن استعمال کرتے ہوئے اسکرین ریکارڈنگ کا آپشن بھی اس میں دستیاب ہے۔ یعنی گیم کھیلتے ہوئے وڈیوریکارڈ کی جا سکتی ہے اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا جا سکتا ہے۔ اسے آپ صرف گیمز کھیلنے تک محدود نہیں رکھ سکتے بلکہ جو چاہیں ایپلی کیشنز بھی استعمال کر سکتے ہیں جیسے کہ معروف ایپلی کیشنز وٹس ایپ وغیرہ۔

تبصرے (2)
Add Comment
  • Wajid Niazi

    salam sir iam install koplayer but this is not woking this error see this picture plz sir resolve error

  • Wajid Niazi

    salam