اسمارٹ فون ہماری زندگی میں رچ بس گئے ہیں۔ ہم کسی بھی جگہ موجود ہوں ہماری توجہ اپنے فون کی طرف رہتی ہے۔ اگر تھوڑی دیر کے لیے فون جیب میں رکھ بھی لیا جائے تو کسی پیغام کی اطلاع یا کال دوبارہ اس پر نظر جمانے پر مجبور کر دیتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ہم کسی تقریب میں ہوں یا کسی پُرفضا مقام پر…. فون سے رشتہ توڑنا ممکن نہیں۔
فون سے جان چھڑانے کے لیے ایک امریکی کمپنی مونوہم ایسا فون تیار کرنے جا رہی ہے جس میں فون کے فنکشنز تو موجود ہوں گے لیکن اس میں بائی ڈیفالٹ نوٹی فکیشنز بند ہوں گی تاکہ بار بار اس کی طرف متوجہ نہ ہوں۔
فون کی سب سے خاص بات اس کا دلکش ڈیزائن ہے جو کہ پرانے زمانے کی گھڑی جیسا ہے۔ اس فون کو رنسیبل (Runcible) کا نام دیا گیا ہے۔ رنسیبل سے آپ عام فون کی طرح کالز کر سکتے ہیں اور بلوٹوتھ ڈیوائسز کو بھی اس سے جوڑ سکتے ہیں۔
اس فون میں ایک جی بی ریم، آٹھ جی بی اسٹوریج اور سات میگا پکسلز کا کیمرہ نصب ہے جبکہ آپریٹنگ سسٹم کے طور پر اینڈروئیڈ لولی پاپ کو استعمال کیا گیا ہے۔
اس فون کو ڈیزائن کرتے وقت پرانی گھڑیوں کا خیال سامنے رکھا گیا ہے یعنی فون میں کوئی بھی تبدیلی آپ اپنی پسند سے کر سکیں گے۔ اس میں لکڑی سے بنے بیک کور استعمال کیے گئے ہیں جنھیں آپ جب چاہیں اپنی پسند کا کور بنا کر بدل بھی سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہارڈویئر میں بھی تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ رنسیبل فون کو اوپن سورس کے تحت تیار کیا جا رہا ہے اور اس کے تمام تر کوڈز آن لائن دستیاب ہوں گے۔ یعنی مستقبل میں کمپنی رہے نہ رہے آپ خود اپنے فون میں ردوبدل کے اہل ہوں گے۔
رنسیبل فون تجرباتی مراحل میں ہے اور فی الحال فروخت کے لیے دستیاب نہیں ہے۔ فی الحال اس منصوبے کے لیے چندہ جمع کرنے کی مہم انڈیگوگو پر جاری ہے اور امید کی جا سکتی ہے کہ تھوڑے عرصے بعد یہ فون بھی مارکیٹ میں دستیاب ہو گا۔
اس دلچسپ فون کے بارے میں وڈیو دیکھیں