اگر آپ یہ جانتے ہوں کہ کمپیوٹر کے مختلف حصوں کو جوڑ کر کس طرح کمپیوٹر تیار کیا جاتا ہے تو یقین جانیں آپ ہزاروں روپے بچا سکتے ہیں۔ مارکیٹ میں دستیاب تیار شدہ کمپیوٹرز کی قیمت اسی لیے زیادہ ہوتی ہے کہ وہ استعمال کے لیے بالکل تیار ہوتے ہیں لیکن اگر آپ یہ جان لیں کہ کمپیوٹر تیار کرنے کے لیے کون کون سے ہارڈویئر کی ضرورت ہوتی ہے تو نہ صرف یہ کہ آپ سستے داموں اپنا پی سی خود تیار کر سکتے ہیں بلکہ یہ تجربہ آپ کے بہت دلچسپ بھی ثابت ہو گا۔ یہی نہیں آپ اس طرح کمپیوٹر تیار کر کے منافع پر رشتے داروں اور دوستوں کو فروخت بھی کر سکتے ہیں۔
اگر آپ پی سی اسمبلنگ (PC assembling) میں دلچسپی رکھتے ہیں تو یہ کام باآسانی ایک گیم کے ذریعے سیکھ سکتے ہیں۔ اس گیم کی خاص بات یہ کہ یہ بالکل بچکانہ طریقہ کار پر مبنی نہیں کہ حصوں پر کلک کرتے جائیں اور پی سی تیار ہوتا جائے گا۔ اس کے ذریعے اگر آپ کوئی حصہ کمپیوٹر میں فٹ کرنے جا رہے ہیں اور اس میں اسکرو (Screw) کا استعمال کیا گیا ہے تو آپ کو اسکرو ڈرائیور کو بھی استعمال میں لانا ہو گا۔
آج کل چونکہ کمپیوٹر کلاس تقریباً لازمی ہو چکی ہے اس لیے خاص طور پر بچوں کے لیے یہ گیم انتہائی کارآمد ثابت ہو گا۔