گوگل کی جانب سے اسپانسر کیے گئے ایک نئے سروے کے مطابق پاکستانی صارفین کے انٹرنیٹ استعمال کرنے کے ذرائع میں ایک اہم تبدیلی پیدا ہورہی ہے اور 2014ء میں اسمارٹ فونز کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ڈیسک ٹاپ صارفین کے مقابلے میں بڑھ جائے گی۔ اس وقت پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین میں سے تقریباً 91 فی صد افراد گھروں میں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے ڈیسک ٹاپ غالب ہے، تاہم 45فی صد کے پاس اس کے ساتھ ساتھ اسمارٹ فون یا ٹیبلٹ بھی موجود ہے۔ 18فی صد پرسنل کمپیوٹرز کے بجائے انہی اسمارٹ ڈیوائسس کا استعمال زیادہ کرتے ہیں۔ موبائل ڈیوائسز کو بتدریج برتری حاصل ہورہی ہے اور 86 فی صد پاکستانی انٹرنیٹ صارف روزانہ انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے پرسنل کمپیوٹر استعمال کرتے ہیں، 77فی صد اسمارٹ فون، جب کہ 59 فی صد لوگ روزانہ ٹیبلٹ کا استعمال کرتے ہیں۔
اس رجحان کی وجہ سے اور آنے والی 3Gٹیکنالوجی کی سروسز کے پیشِ نظر، اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ توقع کی جارہی ہے کہ انٹرنیٹ کی سہولتوں سے لیس فیچر فون بھی ایک اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی پاکستان میں اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کے استعمال کے رجحان کو فروغ دے رہی ہے۔
اس ریسرچر کے اجراء کے موقعے پر گوگل ایشیاء پیسفک سے منسلک منیجر ایشین گروتھ مارکیٹس تانیہ ایڈروس نے کہا کہ ’’ہمارے خیال میں 2014ء پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ کے ڈیسک ٹاپ انٹرنیٹ پر حاوی ہونے کا سال ثابت ہوگا۔ چوں کہ صارفین اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کو اختیار کررہے ہیں تو کاروباری کمپنیوں کو اس جانب توجہ دینی چاہیے۔ یہ سب اپنے صارف کو جاننے اور استعمال کنندگان کو سمجھنے کے ضمن میں آتا ہے، اس لیے ہر کسی کو یہ بار بار سیکھنے کی ضرورت ہے کہ وہ پاکستانی صارفین اور انٹرنیٹ کے حوالے سے کتنا جانتے ہیں۔‘‘
یہ نتائج گوگل کے تحت IDC فرم کی جانب سے ایک ہزار سے زائد پاکستانیوں سے کی گئی تحقیق کے نتیجے میں سامنے آئے۔ پاکستان ڈیجیٹل کنزیومر اسٹڈی کا انعقاد پاکستانی صارف کی رابطوں سے متعلقہ زندگی کا جائزہ لینے کے لیے اس سہ ماہی کے آغاز میں کیا گیا تھا۔ اس تحقیق کے نتیجے میں کئی دلچسپ باتیں سامنے آئی ہیں۔ پاکستانی ڈیجیٹل صارفین اب پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ انٹرنیٹ سے منسلک رہتے ہیں۔ سروے میں شامل 70 فی صد افراد روزانہ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں، جب کہ 60فی صد کے مطابق انٹرنیٹ ہی وہ جگہ ہے جہاں وہ اپنا زیادہ تر ذاتی وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔ ٹی وی دیکھنے والے افراد ( 41فی صد) اور اخبار پڑھنے والے افراد (24فی صد) کا تناسب انٹرنیٹ کو ترجیح دینے والوں سے کم رہا۔ اس تحقیق کے مطابق گھر انٹرنیٹ استعمال کرنے کے لیے سب سے زیادہ قابلِ ترجیح جگہ ہے، صرف موبائل استعمال کرنے والے بھی گھر کے وائی فائی کنکشن کی مدد سے انٹرنیٹ استعمال کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ہفتے کے عام دنوں میں انٹرنیٹ اوسطاً 2.25 گھنٹے اور اختتام پر 3گھنٹے استعمال کیا جاتا ہے۔ ڈیسک ٹاپ اور موبائل انٹرنیٹ پر ہونے والی تین بنیادی سرگرمیوں میں سوشل میڈیا، ای میل اور عام ریسرچ شامل ہیں۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ ڈیجیٹل پاکستانی اپنے اسمارٹ فونز پر آنے والے علمی مواد کو سیکھنا پسند کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسمارٹ فونز پر آن لائن بینکنگ، مالی خدمات اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ریسرچ اور بِلوں کی ادائی بھی مقبول ہیں جو ایک ایسے مستقبل کی نشاندہی کرتے ہیں جہاں ڈیجیٹل دنیا کے لحاظ سے پڑھے لکھے پاکستانی اپنے لیے ویب کا کام بنائیں گے۔
پاکستان میں انٹرنیٹ کے پھیلاؤ کے حوالے سے اہم چیلنج معیار اور رابطے کی مستحکم سہولت کی فراہمی ہے جس میں سست رفتار اور bandwidthکی دست یابی، پیسے کی قیمت کا تعین، صارفین کے لیے خدمات کی فراہمی کا معیار، منصوبوں کا محدود چناؤ اور سروس کی رفتار میں تعطل شامل ہیں۔ بجلی کی عدم فراہمی بھی ایک بڑی وجہ ہے۔
hello