کال ٹیک نے دل کی صحت بتانے والی ایپلی کیشن تیار کرلی

(لاس اینجلس) گزشتہ پچاس ساتھ سالوں کے دوران انسانوں کے رہن سہن میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور ہمارا طرز زندگی مکمل طور پر بدل گیا ہے۔ کھانے پینے کی عادات ہوں یا سونے جاگنے کی اوقات، سب ہی کچھ تبدیل ہوچکا ہے۔ ایسے حالات میں کئی بیماریوں نے بھی انسانوں کو بری طرح سے جکڑ لیا ہے۔ دل کا عارضہ بھی ایک ایسی ہی بیماری ہے جو ہمارے ماڈرن طرز زندگی کا شاخسانہ ہے۔

اس حوالے سے ایک حوصلہ افزاء خبر کیلی فورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے آئی ہے جہاں کے محققین نے ایک ایسی اسمارٹ فون ایپلی کیشن تیار کی جو صرف دو منٹ میں انسانی دل کی طبی کیفیت کے بارے میں بتا سکتی ہے۔ اس قسم کی تشخیص کا موجودہ طریقہ کار الٹرا ساؤنڈ پر منحصر ہے جس میں 45 منٹ تک کا وقت لگ جاتا ہے۔

جب انسانی دل جسم میں خون پمپ کرتا ہے تو گردن میں موجود carotid artery پھولتی ہے جس سے گردن کی جلد میں حرکت پیدا ہوتی ہے یا وہ اپنی جگہ پر ہلتی ہے۔ کیلی فورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے محققین نے ایسی ٹیکنالوجی تیار کی ہےجو گردن میں خون کی گردش سے پیدا ہونے والی حرکت سے LVEF یا left ventricular ejection fraction کی پیمائش کرسکتی ہے۔ LVEF دراصل دل کی ہر دھڑکن پر جسم میں پمپ کیے گئے خون کی مقدار کو ظاہر کرتا ہے۔ ایک صحت مند دل میں LVEF کی شرح 50 سے 70 فیصد ہوتی ہے۔ اگر یہ شرح کم ہوجائے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ دل کمزور ہوگیا ہے۔

کال ٹیک (کیلی فورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا مخفف) کے محققین نے جو ایپلی کیشن بنائی ہے اس میں اسمارٹ فون کے کیمرے کو گردن کے قریب دو منٹ تک رکھنا پڑتا ہے۔ آسان زبان میں کہیں تو گردن کی ویڈیو بنانے جیسا عمل کرنا پڑتا ہے۔ یہ ایپلی کیشن carotid آرٹری کی وجہ سے ہونے والی حرکت کو بھانپ کر اندازہ لگاتی ہے کہ LVEF کی شرح کیا ہے۔

اس ایپلی کیشن اور ٹیکنالوجی سے متعلق کال ٹیک نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جو درج ذیل ہے۔

انسانی صحتدلکال ٹیک