ماڈیولر موبائل فونز، اپنا فون خود تیار کریں

اسمارٹ فونز بھلے ہی کمپیوٹرز جتنے طاقتور ہوگئے ہوں لیکن اب بھی اسمارٹ فونز کئی معاملات میں کمپیوٹرز سے بہت پیچھے ہیں۔ مثلاً آپ مارکیٹ سے کمپیوٹر کے مختلف پارٹس خرید اور آپس میں جوڑ کر خود کمپیوٹر تیار کرسکتے ہیں۔ یعنی آپ اپنی مرضی اور ضرورت کے عین مطابق کمپیوٹر حاصل کرسکتے ہیں۔ لیکن موبائل فونز کے ساتھ معاملہ ایسا نہیں۔ موبائل فونز کو اس طرح تیار کیا جاتا ہے کہ ان میں کوئی بھی تبدیلی ممکن نہیں ہوتی۔ اگر آپ کے پاس 5 میگا پکسل کا کیمرا ہے تو یہ ہمیشہ اتنا ہی رہے گا، آپ اسے بڑھا کر 6 میگا پکسل کا کیمرا نہیں لگا سکتے۔ اگر کسی وجہ سے موبائل فون کا کیمرا یا کوئی اورحصہ خراب ہوجائے تو اسے تبدیل کرنا بھی آسان کام نہیں ہوتا اور بعض اوقات تو یہ ممکن ہی نہیں ہوتا۔ اسی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے ولندیزی ڈیزائنر ڈیو ہاکنز (Dave Hakkens)نے فون بلاکس کا تصور پیش کیا تھا۔ یہ ایک ماڈیولر موبائل فون کا ڈیزائن ہے جس میں موبائل فون کے مختلف حصے الگ الگ دستیاب ہوں گے۔ بالکل ویسے ہی جیسے کمپیوٹر کے مختلف حصے الگ الگ دستیاب ہوتے ہیں۔
انہی ڈیزائنر کے ساتھ مل کر موبائل فون بنانے والی کمپنی موٹورولا،جو گوگل کی ملکیت ہے، نے ایک نیا پروجیکٹ Ara شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت صارفین اپنے موبائل فون کے لئے فریم خرید کرکے اس میں اپنی مرضی کے مختلف پرزے فٹ کرسکیں گے۔ موٹورولانے اپنے آفیشل بلاگ پر اس پروجیکٹ کے حوالے سے لکھا ہے کہ ’’ہم اس پروجیکٹ کے ذریعے ہارڈ ویئر کے لئے وہ کچھ کرنا چاہتے ہیں جو اینڈروئیڈ نے سافٹ ویئر کے لئے کیا ہے۔‘‘
موٹورولاکے مطابق وہ اس پروجیکٹ پر کئی سالوں سے کام کررہا ہے اور جب ڈیو ہاکنز نے فون بلاکس پروجیکٹ شروع کیا تو انہیں لگا کہ وہ دونوں ایک ہی شے پر کام کررہے ہیں۔ اس لئے دونوں نے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔ موٹورولا کا مزید کہنا ہے کہ ماڈیول ڈیویلپر کٹ (MDK) کا الفا ورژن اگلے چند ماہ میں ریلیز کردیا جائے گا جس کی مدد سے ڈیویلپرز موبائل فون کے مختلف ماڈیولز تیار کرسکیں گے۔
ماہرین کی ایسے ماڈیولر فون کے بارے میں آراء تقسیم ہے۔ کچھ اسے ایک اہم پیش رفت کہتے ہیں جبکہ کچھ کا خیال ہے کہ یہ شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں۔

(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نومبر 2013 میں شائع ہوئی)

موٹورولا