معروف جنوبی کورین ٹیکنالوجی کمپنی ایل جی اپنی نت نئی جدید مصنوعات کے حوالے سے مشہور ہے۔ انڈیا میں موجود اس کمپنی کے ذیلی ادارے نے ایسا ٹی وی متعارف کرایا ہے جو مچھروں کو بھگانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
آج کل زیکا ڈینگی وائرس انتہائی ملک مرض کی صورت میں موجود ہے جو کہ مچھر سے پھیلتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے مچھروں کو بھگانا انتہائی ضروری ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ایل جی انڈیا کا متعارف کرایا گیا یہ ٹی وی ایسی آواز نکالتا ہے جو کہ انسانی کان نہیں سن سکتے البتہ وہ مچھروں کی سماعت پر بہت ناگوار گزرتی ہے اور مچھر بھاگنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
مزیدار بات یہ ہے کہ یہ تکنیک ٹی وی کے آف ہونے کی صورت میں بھی کام جاری رکھ سکتی ہے۔ تاہم ایل جی کا کہنا ہے کہ ہمارا ٹی وی مچھروں کے خلاف مزاحمت کرنے والی دیگر مصنوعات کی جگہ بالکل نہیں لینا چاہتا۔
یہ مچھر بھگاؤ ٹی وی دو مختلف ماڈلز میں 26500 اور 47500 بھارتی روپے کی قیمت میں فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ ایل جی کی ویب سائٹ کے مطابق یہ ٹی وی بھارت کے علاوہ اگلے ماہ فلپائن اور سری لنکا میں بھی پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فی الحال کسی اور ملک میں یہ ٹی وی پیش نہیں کیا جائے گا۔