مائیکروسافٹ کے مطابق اپنے اجراء کے صرف دو روز بعد سے اب تک 14 ملین (ایک کروڈ چالیس لاکھ) سے زائد کمپیوٹروں (بشمول لیپ ٹاپس اور نوٹ بکس) پر ونڈوز 10 انسٹال کی جاچکی ہے۔ اتنی کم مدت میں اس قدر تیزی سے کسی آپریٹنگ سسٹم کی تنصیب ایک ریکارڈ ہے اور مائیکروسافٹ کے کہنا ہے کہ نئے آپریٹنگ سسٹم کی مانگ کو پورا کرنا ان کے لئے مشکل ہورہا ہے۔ کمپنی نے اعتراف کیا ہے کہ کروڑوں دیگر صارفین نے بھی اپنے کمپیوٹروں میں نصب آپریٹنگ سسٹم کو ونڈوز 10 پر اپ گریڈ کرنے کی درخواست کررکھی ہے۔ مائیکروسافٹ کے اپنے ایک بیان میں صارفین کو یقین دلایا ہے کہ وہ ہفتے کے ساتوں دن اور دن کے چوبیس گھنٹے کام کررہے ہیں تاکہ اپ گریڈ کا یہ عمل مسلسل چلتا رہے۔
مائیکروسافٹ ونڈوز سیون اور اس کے بعد جاری ہونے والے تمام آپریٹنگ سسٹمز کو ونڈوز 10 پر مفت اپ گریڈ کررہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر سے کروڑوں صارفین انتہائی پرجوشی سے ونڈوز 10 پر منتقل ہورہے ہیں۔ مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیا ناڈیلا کا کہنا ہے کہ وہ اگلے تین سالوں میں ایک ارب سے زائد ڈیوائسز کو ونڈوز 10 پر منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ مائیکروسافٹ کا خیال ہے کہ دنیا بھر میں کم و بیش ڈیڑھ ارب سے زائد آلات میں مائیکروسافٹ ونڈوز کسی نہ کسی شکل میں موجود ہے۔