اوپن سورس پروجیکٹس نے شہرت، سکیوریٹی، سپورٹ اور کم خرچ یا مفت ہونے کی بِنا پر جہاں ایک طرف تو ڈویلپرز اور سافٹ ویئر بنانے والے اداروں کی توجہ اور ترجیحات کو اپنی طرف مبذول کروالیاتھا ،وہاں دوسری طرف ویب پر موجود اوپن سورس پروجیکٹس، پلیٹ فارمز، کمیونیٹیز مثلاً sourceforge.net وغیرہ میں مائیکروسافٹ ٹیکنالوجیز اور لینگویجز کے لیے کسی قسم کی سپورٹ نہ دیکھتے ہوئے ڈاٹ نیٹ ڈویلپرز اپنی مہارت دیگر پروگرامنگ لینگویجز مثلاً پی ایچ پی ، جاوا، پرل اور پائتھون وغیرہ میں آزمانے لگے تھے۔ ان لینگویجز کے لئے مدد کا حصول بے حد آسان ہے۔ کیونکہ ان لینگویجز میں کام کرنے والے اوّل تو تعداد میں بہت زیادہ ہیں، دوم ان کی سپورٹ فراہم کرنے والی کمیونیٹیز کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے۔
ایسے وقت میں مائیکروسافٹ کی طرف سے Codeplex کے اجرا نے نہ صرف مائیکروسافٹ کی مقبولیت کے گرتے ہوئے گراف کو سنبھالا دیاہے بلکہ ڈاٹ نیٹ ڈویلپر ز کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوا ہے۔
Codeplexمائیکروسافٹ کی اوپن سورس پروجیکٹس کے لیے ہوسٹنگ ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پردئیے گئے تعارف کے مطابق ’’ـیہاں آپ لوگوں کے ساتھ مل کر نئے پروجیکٹ شروع کرسکتے ہیں۔ دوسروں کے شروع کیے گئے پروجیکٹس میں حصہ ڈال سکتے ہیں اور ویب سائٹ پر دی گئی ایپلی کیشنز کو استعمال کرسکتے ہیں۔ یہ ویب سائٹ تھرڈ پارٹی پروجیکٹس کو نہ کنٹرول کرتی ہے، نہ تصدیق کرتی ہے اور نہ تقسیم کرتی ہے۔ ‘‘
Codeplex ، ڈویلپرز کمیونٹی کے لیے ایک اسٹوریج سائٹ ہے جہاں اوپن سور س سافٹ ویئر پروجیکٹس پر مل جل کر کام کیا جاتا ہے۔ مزید اس ویب سائٹ میں کچھ ایسی خاصیتیں بھی موجود ہیںجو اس کی مقبولیت کا باعث بنی ہیں۔مثلاً معلومات کے لیے وِکی پیجز کا شامل ہونا، آرایس ایس سپورٹ، پروجیکٹس کی فوری نشاندہی، متنازعہ امور کے لیے بہترین رہنمائی اور ہر تین ماہ بعد ویب سائٹ کے نئے ورژن کا جاری ہونا وغیرہ۔
مائیکروسافٹ کی دنیا میں اوپن سورس پروجیکٹس اب تیزی سے ترقی کررہے ہیں اور www.gotdotnet.com پر ہوسٹڈ پروجیکٹس کی www.codeplex.com پر منتقلی کے بعد تو ان پروجیکٹس کی مقبولیت میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
codeplex پر موجود پروجیکٹس اصل میں وہ کنٹرول، کنٹرول ٹول کٹس ، کمپونینٹس اور پراپرٹیز ہیں جو کہ مائیکروسافٹ کی پہلے سے موجود پروگرامنگ لینگویجز اور ٹولز کے ساتھ مل کر ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہیں۔
اگر آپ ڈاٹ نیٹ ڈویلپر ہیں تو آپ کو اس ویب سائٹ اور اس پر دئیے گئے پروجیکٹس کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے ۔
یہاں ہم Codeplex پر ہوسٹ کے گئے کچھ فعال ترین اوپن سورس پروجیکٹس کا مختصراً تعارف پیش کررہے ہیں۔
VMukti
اسے پہلے ون ویڈیو کانفرنس (1videoConference) کے نام سے جانا جاتاتھا جو کہ اوپن سورس کا ابتدائی ویڈیو سروس پلیٹ فارم ہے اور ویب فون،ایم ایس این اور ویب اسکائپ استعمال کرنے والوں کے استعمال میں ہے۔
یہ وائس اوور آئی پی(VoIP) اور وائس ویڈیو اوور آئی (VVoIP) ہے اور آڈیو، ویڈیو اور ڈیٹا کے لیے ایک مشاورتی مدد گار پلیٹ فارم ہے۔ اس کی بنیاد ونڈوز پریزینٹیشن فائونڈیشن، سی شارپ، ون ایف ایکس، ایکس اے ایم ایل، ڈاٹ نیٹ فریم ورک 3.0 پر ہے۔ یہ ملٹی پوائنٹ ویڈیو کنفرنسنگ، IPTV، ریموٹ مانیٹرنگ، Co-Authoring، ریموٹ کنٹرول، ڈیسک ٹاپ شیئرنگ، وائٹ بورڈ، پریزینٹیشنز، Co-Browsing کے لیے مدد گار پلیٹ فارم ہے۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/vmukti
نمونے کے لئے ملاحظہ کریں:
http://www.vmukti.com
GoTraxx
Gnu Goاوپن سورس کا ایک طاقتو ر پروگرام ہے جو Go کھیل کھیلتا ہے۔ Go تین ہزار سال پرانا ایک کھیل ہے جو شطرنج سے ملتا جلتا ہے۔ اسے کھیلنا آسان نہیں اور یہ اعلیٰ دماغی صلاحیتوں کا متقاضی کھیل ہے۔ Gnu Goمصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہوئے اس کھیل کو کھیلتا ہے۔ اس پروگرام کو اتنے بہترین طریقے سے پروگرام کیا گیا ہے کہ یہ کسی بھی کمرشل Go پروگرام کا مقابلہ کرسکتا ہے۔
GoTraxx بھی Go کھیل کھیلنے کے لئے تجرباتی طور پر سی شارپ میں تیار کیا جارہا ہے۔ پروجیکٹ کی تفصیلات کے مطابق اس کا مقصد Gnu Go سے زیادہ بہتر کارکردگی کا حصول ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے مصنوعی ذہانت کی مختلف تیکنیکس کو استعمال کیا جارہا ہے۔ ساتھ ہی اس میں Gnu Go کی مطابقت بھی رکھی گئی ہے۔
Gnu Goکے بارے میں معلومات:
http://www.gnu.org/software/gnugo/gnugo.html
Go گیم کے بارے میں تفصیلی معلومات:
http://senseis.xmp.net/?Go
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/GoTraxx
ڈی ڈاٹ نیٹ(D.NET)
ڈی ڈاٹ نیٹ یا ڈیویلپمنٹ فار ڈاٹ نیٹ فریم ورک کو پروگرامرز حضرات کی مدد کرنے کے لئے بنایا گیا ہے۔ اس کی مدد سے زیادہ بہتر پروگرام تخلیق کئے جاسکتے ہیں۔ اس میں آبجیکٹ ریلیشن میپنگ ، بزنس آبجیکٹ فریم ورک اور دیگر کمپیونینٹس کو استعمال کیا گیا ہے۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/ddotnet
CKS
CKS یعنی Community Kit for SharePoint ایسے بہترین ٹولز، سورس کوڈز، ویب پارٹس اور ٹیمپلیٹس کا مجموعہ ہے، جن کی مددسے ایسی کمیونٹی ویب سائٹس تیار کی جاسکتی ہیںجن کی بنیاد شیئر پوائنٹ ٹیکنالوجیز پر ہو۔ اس پروجیکٹ کی سائٹ پر دو قسم کے ورژن دئیے گئے ہیںایک User Group Edition 1.0 یا CKS:UGE جوکہ ایک سائٹ ایڈمن Template فائل ہے اور دوسرا CK for Sharepoint 2.0 یا CKS 2.0 جس کے بہت سے دوسرے ایڈیشن ہیں ۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/CKS
Terminals
یہ ملٹی ٹیب (MultiTab) ٹرمنل سروسز اور ریموٹ ڈیسک ٹاپ کلا ئنٹ ہے۔ یعنی آپ اس کی مدد سے بیک وقت کئی مختلف کمپیوٹرز کے ساتھ ریموٹ ڈیسک ٹاپ یا ٹرمنل کنکشن بناسکتے ہیں۔ جب کہ تمام کنکشن ٹیبز کی صورت میں اسکرین پر ظاہر ہوتے ہیں۔ یہ پروجیکٹ بہت سے کنکشنز کو ایک ساتھ قابو (control) کرنے کی ضرورت کو مدِ نظر رکھ کر شروع کیا گیاہے۔ دستیاب پروگرامز میں اس سہولت کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہ پروگرام بہت تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/Terminals
System Search to LinQ
اس پروجیکٹ کا اہم مقصد C# 3.0 میں متعارف کروائے گئے نفیس اور باکمال پروگرامنگ ماڈیول کو استعمال کرتے ہوئے ایک LinQ extension تیار کرناہے تاکہ یہ ایکسٹینشن ڈیسک ٹاپ سرچ کی جدید سہولیات کے ساتھ بااثر طریقے سے کام کر سکے۔ اس پروجیکٹ میں شیل آبجیکٹس، کیوری آپریٹرز، ریموٹ مشین کیوری اور اسٹرنگ فنکشنز وغیرہ کے لیے سپورٹ دی گئی ہے۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/SystemSearchToLinQ
ASP.NET RSS Toolkit
یہ ٹول کِٹ ASP.Net ایپلی کیشنز کو RSS feedsکے ساتھ استعمال اور شائع کرنے کی سہولت دیتی ہے۔ یہ ایک ایسا کمانڈ لائن فیڈ کمپائلر ہے جو کہ VB.Net یا C# code کی کوڈ فائلیں تیا ر کرتاہے۔ مزید یہ.rssdl فائل جس میں تمام لنکس کی لسٹ او ر .rss فائل جس میں تمام تر فیڈ ایکس ایم ایل ، RSS,Atom,RDF اور OPML کے فارمیٹ میں مہیا کی جاتی ہے، تیار کرتا ہے۔ یہ ٹول کِٹ ایک اسمبلی (DLL) کے طور پر پیش کی گئی ہے، جس کوGAC یعنی گلوبل اسمبلی کیشے یا ویب سائٹ ایپلی کیشنز کی ڈائریکٹری میں رکھا جاسکتاہے۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/ASPNETRSSToolkit
SQL Server Hosting Toolkit
یہ ایس کیو ایل سرور کی شیئر ہوسٹنگ فراہم کرنے والوں کے لئے ڈیزائن کیے گئے ایسے ٹولز پر مشتمل مجموعہ ہے جس کو ہوسٹنگ پرووائیڈر اپنے پاس نصب کرکے اپنے صارفین کے استفادے کے لئے فراہم کرسکتا ہے۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/sqlhost
PHP Excel 2007 classes
یہ پی ایچ پی پروگرامنگ لینگویج کے لئے کلاسز کے سیٹ مہیا کرنے کا پروجیکٹ ہے جس کی مددسے آپ ایکسل 2007 کی فائلیں پڑھ اور لکھ سکتے ہیں۔ مثلاً اسپرٹ شیٹ میٹا ڈیٹا سیٹ کرنا، بہت سی ورک شیٹس پر مبنی ایکسل فائل کی تیاری، متفرق فونٹ، فونٹ اسٹائلز اور سیل بارڈرز وغیرہ کا سیٹ کرنااور تصاویر وغیرہ کا شامل کرنا۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/PHPExcel
Vista Virtual Desktop Manager
ونڈوز وِستا کے لیے بنایا گیا ایک ورچوئل ڈسک ٹاپ مینیجر ہے جو نئے thumbnail APIs کو استعمال کرکے پور ے ڈیسک ٹاپ کے لیے ایک لائیو پری ویو تخلیق کرتا ہے۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/vdm
Ionics Isapi Rewrite Filter
یہ ایک سادہ اور استعمال میں آسان URL rewriting ISAPI filter ہے جس سے انٹرنیٹ انفارمیشن سروسز کے استعمال کرنے والے استفادہ کرسکتے ہیں۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/IIRF
The AJAX Control Toolkit
Microsoft AJAX Library اور ASP.NET 2.0 AJAX Extensions سے تیار کردہ یہ ٹول کِٹ کلائنٹ سائیڈ کنٹرول اور ایلی مِنٹس کو تیار کرنا بہت آسان کردیتی ہے۔ مثال کے طورپر اس میں قابل حرکت DIV کی تیاری چند سیکنڈ کی متقاضی ہے۔ جبکہ ٹیبز کی بدولت ملٹی ویو کنٹرول کی جھنجھٹ ختم ہوجاتی ہے۔
یہ ٹول کِٹ آپ کے اپنے کنٹرول اور ایکسٹینشنز کی تیاری اور دوبارہ استعمال کو بھی آسان کردیتی ہے۔ نیز، اس ٹول کِٹ میں موجود تمام ٹولز اجیکس Enabled ہیں۔جو لوگ کلائنٹ سائیڈ کوڈ لکھنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہاں آسان مثالیں موجود ہیں۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/AtlasControlToolkit
BlogEngine.NET
ڈاٹ نیٹ ڈویلپر کے لیے بنایا گیا یہ تما م خوبیوں سے آراستہ بلاگ انجن ہے۔ وزن میں کم اور موڈیفائی کرنا آسان ہے۔ مکمل طورپر XML یا SQLسرور پر چل سکتاہے۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/blogengine
Facebook Developer Toolkit
Clarity Consulting Incنے اس Microsoft Visual Studio Express ٹیم کے لیے اس کی اصل ٹول کِٹ تیار کی تھی،لیکن اس کے بارے میں بہت سے ڈویلپرکے اصرار پر کہ اس کے کوڈ بیس کو بہتر کیا جائے، اس کا سورس کوڈ codeplex پر رکھا گیا۔ اس پروجیکٹ میں Facebook API کے لیے ڈاٹ نیٹ ریپرز اور نمونے کے پروجیکٹس اور کنٹرول شامل ہیں۔ اس ٹول کِٹ میں vb.net اور ویژول سی کوڈ بیسز کو قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/FacebookNET
DocProjects and DocSites
اس میں درج ذیل پروجیکٹس اور سائٹس شامل ہیں: ویژول سی ڈوک پروجیکٹ، وی بی ڈاٹ نیٹ ڈوک پروجیکٹ، ویژول ڈوک سائٹ اور وی بی ڈاٹ نیٹ ڈوک سائٹ۔
یہ ڈوک سائٹس اور پروجیکٹس ایک MSBuild ٹاسک استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کو کمانڈ لائن یا سرور کے ذریعے ویژول اسٹوڈیو میں تیار کیا جاسکتا ہے۔ اس ٹاسک کی وجہ سے پروجیکٹ فائلوں میں ترمیم کی ضرورت بھی نہیں رہتی۔ یہ ڈوک پروجیکٹس Visual Studio 2005/2008 اور MSBuild کی پاور استعمال کرتے ہوئے Sandcastleکے ہیلپ جنریشن ٹولز چلاتے (drive) ہیں۔ یہ پروجیکٹسAPI ڈاکیومینٹیشن کوVisual C#, Visual J#, Visual Basic اور Managed Visual C++ کے لیے بِلٹ کر سکتے ہیں۔
مزید معلومات کے لیے درج ذیل ربط ملاحظہ فرمائیے :
http://www.codeplex.com/DocProject
Vista Battery Saver
یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ ونڈوز وِستا میں شامل فیچرز WDM ایک بھوکے درندے کی طرح لیپ ٹاپ کی بیٹر ی خرچ کرتے ہیں۔ بہت سے لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ بیٹری کی چارجنگ اور ڈسک چارجنگ کی پیمائش کے لیے کیا طریقہ استعمال کیا جائے اور بیٹری کی کوالٹی کی پہچان کیسے ہوسکتی ہے؟ آپریٹنگ سسٹم کے لیے پاور کی کتنی ضرورت ہوتی ہے؟
ان سب سوالوں کے جوابات حاصل کرنے کے لیے آپ کو ’’وِستا بیٹری سیور‘‘ استعمال کرنا ہو گا۔ یہ ایک چھوٹا سا پروگرام ہے جو کہ وِستا کے فیچر ز کوڈِس ایبل کرکے 70% تک بیٹری کی بچت کرسکتا ہے۔ اس کا حجم 5.5 ایم بی ہے۔ یہ ٹاسک بار میں چلتا رہتاہے اور بیٹری کی پاور ایک خاص حد پر پہنچنے پر وِستا کے فیچرز ڈِس ایبل کردیتا ہے۔
مزید معلومات اور ڈاؤن لوڈ نگ کے لیے درج ذیل ربط ملاحظہ کیجیے:
http://www.codeplex.com/vistabattery
Umbraco
یہ ایک سادہ سا اور استعمال میں آسان ASP.NET CMS ہے ۔یہ مائیکروسافٹ کے پلیٹ فارم پر پہلی مرتبہ مفت دستیاب ہے۔ اس کی مدد سے ویب سائٹس باآسانی تیارکی جاسکتی ہیں۔ کمپلیکس ویب ایپلی کیشنز تیار کرنے کے لیے بھی بہت ہی نرم مزاج ہے۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/umbraco
TheBeerHouse
یہ ایک ویب سائٹ ہے جو کہ خالص ASP.NET 2.0 سے تیار کی گئی ہے اورASP.NET 2.0 کے فیچرز استعمال کرنے کے لیے ہی بنائی گئی۔ اس پر آپ کو وہ تمام فیچرزاور ماڈیولز ملیں گے جس کی آپ ایک عام CMS یا ای کامرس ویب سائٹ پر توقع کررہے ہوتے ہیں۔ اس سائٹ میں اے ایس پی ڈاٹ نیٹ کے جو فیچرز شامل کیے گئے ہیں ان کی تفصیل درج ذیل ربط پر دیکھی جاسکتی ہے :
http://www.codeplex.com/TheBeerHouse
SharpMap
ویژول سی میں تیار کیا گیا یہ انجن ویب اور ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشنز میں میپنگ لائبریری کے استعمال کو آسان بناتاہے۔ GIS data کی بہت سی اقسام تک رسائی کو آسان کر دیتا ہے اور خوب صورت نقشوں کو چلاتا ہے۔
پروجیکٹ کا ربط:
http://www.codeplex.com/SharpMap
IronPython
ڈاٹ نیٹ میں استعمال ہونے والی Python پروگرامنگ لینگویج کا ایک نیا اوزار IronPython (implementation) ہے۔ یہ ڈاٹ نیٹ فریم ورک کے ساتھ مکمل موافقت رکھتا ہے۔ Python کے لیے تمام ڈاٹ نیٹ لائبریریاں باآسانی مہیا کرتا ہے۔ ساتھ ہی Python لینگویج کے لیے بھی مکمل موافقت (compatibility) رکھتا ہے۔ اس پروجیکٹ میں حصہ لینے،نیا ورژن ڈاؤن لوڈ کرنے یا سورس کوڈ حاصل کرنے کے لیے درج ذیل ربط دیکھیں:
http://www.codeplex.com/IronPython
Coding4Fun Developer Kit
ویژول بیسک اور ویژول سی میں کنٹرول، سیمپلز اور کمپونینٹس کا مجموعہ ہے۔ اس کِٹ میں ایک سنگل انسٹالیشن فائل ہے جس کی مدد سے ونڈوز اسٹارٹ مینیو پر ڈاکیومینٹیشن، سورس کوڈز وغیرہ کے لیے آسانی سے رسائی ممکن ہوتی ہے۔ ویژول اسٹوڈیو میں ایک ٹول بکس بھی شامل ہے تاکہ با آسانی اجزا کو ڈریگ اور ڈراپ کیا جا سکے۔
ربط یہ ہے:
http://www.codeplex.com/C4FDevKit
مزید دلچسپ اور اہم پروجیکٹس کے لئے کوڈ پلیکس کو سرچ کیا جاسکتا ہے۔ جہاں پروجیکٹس کی ایک بڑی تعداد دستیاب ہے۔
www.codeplex.com
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نومبر 2007 میں شائع ہوئی)