Opswat ایک معروف کمپیوٹر سکیوریٹی کمپنی ہے۔ ان کا آن لائن موجود وائرس اسکینر جو کہ پہلے ’’میٹا اسکینر‘‘ کے نام سے موجود ہوتا تھا اب ’’میٹا ڈیفینڈر‘‘ کہلاتا ہے۔ اس آن لائن اسکیننگ سروس پر 40 سے زائد اینٹی وائرس آپ کی فائلز کو بیک وقت اسکین کر کے رپورٹ فراہم کرتے ہیں۔ ویسے تو اس حوالے سے زیادہ تر لوگ ’’وائرس ٹوٹل‘‘ ویب سائٹ کو جانتے ہیں لیکن ’’میٹا ڈیفینڈر‘‘ اپنے منفرد فیچرز کے حوالے سے قابلِ قدر جانی جاتی ہے۔
وائرس ٹوٹل پر اگر آپ ایک ساتھ کئی فائلز اپ لوڈ کریں تو یہ تو پتا چل سکتا ہے کہ اُن میں سے کوئی وائرس زدہ تو نہیں لیکن یہ نہیں پتا چلتا کہ درجنوں فائلز میں سے دراصل وائرس زدہ فائل ہے کون سی۔ جبکہ میٹا ڈیفینڈر سروس پر ایک ایک فائل کو الگ الگ اسکین کر کے رپورٹ فراہم کی جاتی ہے۔ اس طرح اگر آپ سو فائلز کو زِپ کر کے ایک ساتھ اسکین کریں تب بھی جان سکتے ہیں کہ دراصل کون سی فائل وائرس زدہ ہے۔
یہی وجہ ہے کہ یہ کمپنی اس حوالے سے انتہائی معتبر مانی جاتی ہے اور اب اس نے ایک اور بہترین پروگرام مفت جاری کیا ہے۔ یہ ایسا پروگرام ہے جو آپ کے پاس ضرور انسٹال ہونا چاہیے۔ اس پروگرام کا نام Opswat Metadefender Endpoint Management ہے۔ یہ پروگرام آپ کے سسٹم کو مکمل اسکین کر کے ہر حوالے سے خامیوں کی نشاندہی کر سکتا ہے۔
اکثر لوگ اینٹی وائرس انسٹال کر کے بے فکر ہو جاتے ہیں، وہ اس کی خبر ہی نہیں لیتے کہ وہ درست طریقے سے کام بھی کر رہا ہے کہ نہیں۔ اس لیے ’’میٹا ڈیفینڈر اینڈ پوائنٹ‘‘ سسٹم پر ہر وقت نظر رکھتے ہوئے آپ کو بتاتا ہے کہ اس وقت اینٹی وائرس کیا صورتِ حال ہے، کون کون سے پروگرامز ہیں جن کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے، کیا فائر وال درست طریقے سے کام کر رہی ہے، ہارڈ ڈسک کی اِنکرپشن کی کیا صورتِ حال ہے اور سسٹم درست طریقے سے بیک اپ ہو رہا ہے کہ نہیں۔ یعنی تمام انتہائی اہم پہلوؤں کے بارے میں یہ پروگرام آپ کو چند منٹوں میں اسکور کے ذریعے باخبر کر دیتا ہے۔ اس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ ونڈوز کے علاوہ میک، اینڈروئیڈ اور آئی او ایس کے لیے بھی بالکل مفت دستیاب ہے۔
جب آپ اسے ڈاؤن لوڈ کرنے جائیں گے تو سب سے پہلے ایک فارم بھرنا ہو گا اس کے بعد ہی آپ کو ڈاؤن لوڈنگ لنک بھیجا جائے گا۔
Hi, By clicking download button system direct us to any other computing post, not to download this security software,
Check it,
مطلع کرنے کے لئے شکریہ۔ لنک درست کردیا گیا ہے۔