ماسیوو اوپن آن لائن کورسز

کورسیرا

coursera.com

coursera جو اپنی ویب سائٹ پر جلی حروف میں لکھا ہے کہ دنیاکے بہترین آن لائن کورسز مفت حاصل کریں۔ حقیقت میں بھی کورسیرا آن لائن کورسز کا ایک بڑا مجموعہ ہے، جو تدریسی مہارت کی بنیاد پر مبنی ہے۔ یہ اس وقت 108 سے زائد شراکت دار جامعات و اداروں کے ذریعے 25 سے زائد مختلف زمروں سے 631 مختلف کورسز پیش کر رہا ہے اور اس ویب سائٹ سے منسلک ہونے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ تادم تحریر اس کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد ستر لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ یہ تمام کورسز مفت ہیںاور مختلف زمروں میں تقسیم ہیں۔ مثلا آرٹس ، کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، فوڈ اینڈ نیوٹریشن، قانون، علم ریاضی، میڈیسن، سوشل سائنس، نیوروسائنس اور دیگر کئی شعبے شامل ہیں۔کورس مٹیرئیل لیکچر ویڈیوز ، پریزینٹیشن اور نوٹس کی صورت میں ڈائون لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔ ہفتہ وار اسائنمنٹ اور آخری امتحان کے مارکس تکمیل کی سند کے لیے آپ کی اہلیت طے کرتے ہیں۔

آپ یہاں مفت کورس پڑھ سکتے ہیں تاہم کورس کی سند حاصل کرنے کے لیے آپ کو فیس ادا کرنا ہوگی جو ایک ہزار سے دو ہزار پاکستانی روپے کے درمیان ہوتی ہے۔ کورس کے اوقات پہلے سے مقرر کردہ ہوتے ہیں اور ان کا دورانیہ 8 سے 14 ہفتوں پر محیط ہوتا ہے۔ اس کے شراکت دار اداروں میں اسٹینفورڈ ، پرنسٹن جیسی صف اوّل کی جامعات شامل ہیں۔ کورسیرا سے کورس پڑھنے کا فائدہ یہ ہے کہ دیگر ــطلبہ کے ساتھ کورس کے موضوعات پر بحث و مباحثہ کر سکتے ہیں۔ یہ ویب سائٹ 190ممالک سے تعلق رکھنے والے 22 ملین سے بھی زائد علم دوست افراد کی ایک پوری کمیونٹی بن چکی ہے۔ چنانچہ آپ کمیونٹی ربط پر دوسروں کے بارے میں جان سکتے ہیں اور دوسروں کو اپنے بارے میں بتا سکتے ہیں۔اس کے علاوہ اس ویب سائٹ کے سوشل میڈیا ربط بھی موجود ہیں۔

اوڈاسٹی

udacity.com

اوڈاسٹی ایک ڈیجیٹل یونی ورسٹی ہے جس میں بالخصوص کمپیوٹر سائنس اور ٹیکنالوجی کے بے شمار کورسز موجود ہیں۔ Udacity کا نعرہ ہے کہ اعلیٰ تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ اس MOOC ویب سائٹ کی پیدائش اسٹینفورڈ یونی ورسٹی میں ہوئی جب اوڈاسٹی کے شریک بانی Sebastian Thrun اور Peter Norvig نے ایک مفت آن لائن کورس ’’مصنوعی ذہانت کا تعارف‘‘ پیش کیا جس میں 190 سے زائد ممالک سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلبہ رجسٹر ہوئے اس کے کچھ عرصے بعد ہی Udacity کا قیام عمل میں آیا۔ یہاں آپ کو مختصر دورانیے کے ویڈیو لیکچرزکے ساتھ ذہنی آزمائش اور اسائنمنٹ دیے جاتے ہیں۔ کورسز کے ساتھ یہاں ایک آن لائن فورم بھی موجود ہے۔یہ متعلقہ جامعات کے کریڈٹ آور حاصل کرنے کے لیے ایک امتحان کا بھی بندوبست کرتی ہے۔ یہ آپ کے کوائف بھی شریک کمپنیوں کے حوالے کرتی ہے۔ ان کمپنیوں سے معمولی فیس کے عوض اسناد بھی حاصل کی جاسکتی ہیں ان میں گوگل ، کلاوڈ ایرا ، اے ٹی اینڈ ٹی اور آٹو ڈیسک جیسی بڑی کمپنیاں شامل ہیں۔ پیشہ ور افراد جو اپنے کام کے ساتھ پیشہ ورانہ کورسز پڑھنا چاہتے ہیں اور وہ بھی اپنے طے کردہ وقت کے مطابق تو یقینا اوڈاسٹی ان کے مطلب کی ویب سائٹ ہے۔ udacity عملی اور پر اثر تعلیم کے ساتھ پیشہ ورانہ کورسز پیش کرتی ہے۔ کورسز مختلف درجوں (ابتدائی، انٹرمیڈیٹ اور ایڈوانس) کے لحاظ سے تقسیم ہیں۔ ہر سبق کے بعد آپ کی سمجھ کو آزمانے کے لیے کوئز اور اسائنمنٹ بھی دیے گئے ہیں۔ یہاں آپ ویڈیو لیکچر دیکھ سکتے ہیں اور zip فارمیٹ میں اسائنمنٹ اور اسباق ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں۔یہ ادارہ ہرسطح پر طلبہ کی کامیابی کے لیے مدد کر رہا ہے۔ ان کے کورسز کی فیس ادا کرکے مزید سہولیات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔

MOOCآن لائن پڑھائیآن لائن کورساوپن لرننگاوپن یونی ورسٹیاوپن یونیورسٹیای لرننگتدریستعلیمفاصلاتی تعلیم