چند سیکنڈز میں جانیں کہ آپ کا وائرلیس راؤٹر محفوظ ہے یا نہیں

آج کل سبھی وائرلیس یا وائی فائی راؤٹر استعمال کرتے ہیں اس لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ آپ اس بات کی جانچ کرتے رہیں کہ آپ کا وائرلیس راؤٹر بالکل محفوظ ہے۔ اس میں کوئی ایسی تبدیلی نہیں کی گئی جس کے نتیجے میں آپ کو ہیک کیا جائے یا آپ کے سسٹم میں وائرس منتقل کیا جا سکے۔

ڈی این ایس یعنی ڈومین نیم سسٹم (Domain Name System (DNS آپ کو مختلف ویب سائٹس براؤز کرنے کے لئے ان کے سرور تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ جب آپ کسی ویب سائٹ کا یو آر ایل ویب براؤزر میں لکھتے ہیں تو ویب براؤزر آپ کے آئی ایس پی (ISP) کے ڈی این ایس سرور سے درخواست کرتا ہے کہ اس یو آر ایل سے منصوب سرور کا آئی پی ایڈریس فراہم کیا جائے۔ اگر آئی پی ایڈریس مل جاتا ہے تو ویب براؤزر اس آئی پی ایڈریس کی مدد سے اس سرور سے کنیکٹ ہوکر آپ کو ویب سائٹ دکھاتا ہے۔ مثلاً جب آپ کمپیوٹنگ کا یو آر ایل www.computingpk.com ویب براؤزر میں لکھ کر اینٹر کرتے ہیں تو آپ کابراؤزر ڈی این ایس سرور سے آئی پی ایڈریس کے لئے درخواست کرتا ہے جو اسے 162.144.125.202 مہیا کی جاتی ہے۔ یہی وہ سرور ہے جس پر کمپیوٹنگ میگزین کی ویب سائٹ ہوسٹ ہے۔ اب آپ کا براؤزر اس آئی پی کے ذریعے کمپیوٹنگ کے سرور سے کنکٹ ہوجاتا ہے۔

اگر آپ کا پی سی وائرس زدہ ہے تو اس عمل میں گڑبڑ بھی ہو سکتی ہے۔ وائرس آپ کو ویب سائٹ کے ربط کے بدلے غلط آئی ایڈریس تھماتے ہوئے کسی وائرس زدہ ویب سائٹ پر بھی منتقل کر سکتا ہے۔ اس مسئلے کا ایک بہترین حل تو یہ ہے کہ اپنے وائی فائی راؤٹر کو کسی محفوظ ڈی این ایس سے گزارا جائے۔اس طرح یہ ہر ویب سائٹ کی درخواست کو پہلے پرکھے گا کہ آیا کھلنے والی ویب سائٹ درست ہے یا نہیں۔ یہ عمل زیادہ مشکل نہیں بلکہ صرف چند منٹس کا متقاضی ہے۔ اگر آپ محفوظ ڈی این ایس جیسے کہ نورٹن کنیکٹ سیف، اوپن ڈی این ایس فیملی یا وائے انڈیکس فیملی وغیرہ استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اس کا تفصیلی طریقہ ہماری ویب سائٹ کے اس ربط پر ملاحظہ کر سکتے ہیں:
www.computingpk.com/?p=4239

اس مسئلے کا ایک اور بہترین اور نیا حل معروف کمپیوٹر سکیوریٹی کمپنی ’’ایف سکیور‘‘ نے ’’راؤٹر چیکر‘‘ (Router Checker) کے نام سے متعارف کرایا ہے۔ یہ آن لائن ٹول باآسانی اور صرف چند سیکنڈز میں بتا سکتا ہے کہ کہیں آپ کا راؤٹر ڈی این ایس ہائی جیکنگ کا نشانہ تو نہیں بن چکا۔ اسے استعمال کرنے کے لیے بس درج ذیل ربط پر جائیںاور Check your router کے بٹن پر کلک کر دیں۔

راؤٹر چیکر

یہ ٹول چند سیکنڈز میں آپ کے راؤٹر کو ڈی این ایس ہائی جیکنگ کے حوالے سے اسکین کر کے رپورٹ فراہم کر دے گا۔

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 126 میں شائع ہوئی

اگر آپ یہ اور اس جیسی درجنوں معلوماتی تحاریر پڑھنا چاہتے ہیں تو گھر بیٹھے کمپیوٹنگ کا تازہ شمارہ حاصل کریں۔

راؤٹروائرلیسوائی فائیوائی فائی ہاٹ اسپاٹ