اپنے پرانے کمپیوٹر کو نئے گیمزبہتر انداز میں چلانے کے قابل بنائیں

آج کل گیمز اس قدر تیزی سے اپ ڈیٹ ہو رہے ہیں کہ ان کے لیے گرافکس کارڈ کو اپ ڈیٹ کرنا ہر کسی کے لیے ممکن نہیں۔ جدید تھری ڈی گیمز صارفین کو بہترین گیمنگ ماحول فراہم کرنے کے لیے نت نئے تجربات کرتے ہوئے گیمز کو حقیقت سے قریب تر لانے میں مشغول ہیں اور ان گیمز کو کھیلنے کے لیے پھر آپ کے پاس بھی جدید ترین گرافکس کارڈ موجود ہونا ضروری ہے۔ یقیناً آپ جانتے ہوں گے کہ آج کل گرافکس کارڈ بھی سادہ گرافکس کارڈ نہیں رہے بلکہ GPU یعنی گیمنگ پراسیسنگ یونٹ بن چکے ہیں۔ گیم کھیلنے کے لیے درکار تقریباً تمام ہارڈویئر ان کے اندر موجود ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پرانے کمپیوٹرز اور گرافکس کارڈ رکھنے والے صارفین ان جدید گیمز کو نہیں کھیل پاتے۔

اگر آپ کے ساتھ بھی کچھ ایسی ہی صورتِ حال درپیش ہے تو آپ اس کا کچھ تدراک ضرور کر سکتے ہیں۔ ایسے چند پروگرامز موجود ہیں جو کسی گیم کو آپ کے پرانے کمپیوٹر پر چلنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔

تھری ڈی اینالائز

اس حوالے سے سب سے معروف اور قابلِ بھروسا پروگرام ’’تھری ڈی اینالائز‘‘ (3D-Analyze) کے نام سے موجود ہے۔ اس سے کسی معجزے کی امید نہ رکھیں تو یہ پروگرام کافی کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ دراصل یہ DirectX emulator کی صورت میں کام کرتے ہوئے گرافکس کے معیار کو بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔ اس طرح ایک جدید گیم بھی پرانے کمپیوٹر پر چلنے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ یہ ایک پورٹ ایبل پروگرام ہے جسے انسٹالیشن کی بھی ضرورت نہیں جبکہ اس کا سائز بھی صرف چند سو کے بی ہے۔
3danalyze

اس پروگرام سے صحیح طور پر استفادہ حاصل کرنے کے لیے آپ کو اس حوالے سے تھوڑی سی تحقیق کرنے کی ضرورت ہو گی، دراصل آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ گیم کس کمی کی وجہ سے چل نہیں پا رہی اور اسے تھری ڈی اینالائز پروگرام استعمال کرتے ہوئے کس طرح مجبور کرنا ہے کہ وہ آپ کے سسٹم میں موجود ہارڈویئر پر بھی بہتر انداز میں چل سکے۔

گیم سوِفٹ

کمپیوٹر کو زیادہ استعمال کرنے والے آج بھی گیم کھیلنے کے لیے کمپیوٹر کو ترجیح دیتے ہیں بلکہ یہ کہا جائے تو غلط نہ ہو گا کہ گیم کھیلنے کی ان کی مہارت کمپیوٹر پر ہی نظر آتی ہے، جب وہ ایکس باکس یا پلے اسٹیشن پر گیم کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں تو ان سے درست انداز میں کھیلا نہیں جاتا۔ اس لیے ہماری کوشش ہو گی کہ اپنے پرانے کمپیوٹر کو ہی ہارڈویئر اپ گریڈ کیے بغیر نئے گیمز کھیلنے کے قابل بنایا جائے۔

تھری ڈی اینالائز تو اپنے کام کی حد تک محدود ہے اس کے علاوہ بھی آپ کو کمپیوٹر کی کچھ ٹیوننگ کرنے کی ضرورت ہو گی کیونکہ ونڈوز کی سیٹنگز بھی اس حوالے سے کافی اہمیت رکھتی ہیں۔ اس کام کے لیے ہمارے پاس ’’گیم سوِفٹ‘‘ (Game Swift) پروگرام موجود ہے۔

گیم سوِفٹ دراصل ایک گیم بوسٹر پروگرام ہے، یہ آپ کے کمپیوٹر کو گیم کھیلنے کے لیے کنفیگر کرتا ہے۔ اس کام کے لیے یہ ونڈوز سیٹنگز اور رجسٹری ایڈیٹر میں اس طرح کی تبدیلیاں کرتا ہے کہ جدید کمپیوٹر گیم بھی قدرے بہتر انداز میں پرانے کمپیوٹر پر چلنا شروع ہو جاتا ہے۔

اس پروگرام کی اچھی بات یہ ہے کہ یہ گیمز کی فائلز کے ساتھ چھیڑ نہیں کرتا بلکہ صرف ونڈوز سیٹنگز کا جائزہ لیتے ہوئے ان میں ایسی تبدیلی کرتا ہے کہ گیم مناسب رفتار سے چلے اور کمپیوٹر پر دیگر کام سرانجام دیتے ہوئے بھی کسی قسم کا مسئلہ سامنے نہ آئے۔ کام کو مزید آسان بنانے کے لیے اس کی مین اسکرین پر سامنے ہی ’’آپٹمائز‘‘ کا بٹن موجود ہے، اگر آپ خود ہر سیٹنگ کو باری باری بدلنا نہیں چاہتے تو بس اس بٹن پر کلک کر دیں یہ خودکار طریقے سے سسٹم کو آپٹمائز کرنا شروع کر دے گا۔ اس کے علاوہ اگر آپ متفرق سیٹنگز کو خود بدلنا چاہیں تو یہ بھی ممکن ہے۔گیم سوِفٹ کو استعمال کرنے سے پہلے اپنے درست آپریٹنگ سسٹم کا انتخاب ضرور کر لیں۔ یہ پروگرام آپ درج ذیل ربط سے مفت ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں:
pgware.com/products/gameswift

وائز گیم بوسٹر

کمپیوٹر پر گیم کھیلتے ہوئے اس کی رفتار کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ دیگر کھلے پروگرامز کو بند کر دیا جائے۔ اگر دیگر سروسز بھی اس دوران چل رہی ہوں گی تو وہ بھی سسٹم ریسورسز کا استعمال جاری رکھیں گی، اس طرح گیم کو درکار ریم وغیرہ فارغ نہیں ملتی اور گیم اٹکنا شروع کر دیتی ہے۔اس لیے ضروری ہوتا ہے کہ گیم کے علاوہ دیگر تمام چلنے والے پروگرامز اور پراسیسز کو بند کر دیا جائے۔

اس کے لیے آپ وائز گیم بوسٹر پروگرام استعمال کر سکتے ہیں جو گیم کے آغاز کے وقت آپ کے سسٹم پر چلنے والے تمام غیر ضروری پراسیسزکو بند کر گیم کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے۔
wisecleaner.com/wise-game-booster.html

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 124 میں شائع ہوئی