آپ نے بہت سے طاقتور ہارڈ ویئر ، زبردست سافٹ ویئر اور شاندار فیچرز والے اسمارٹ فون دیکھے ہونگے۔ لیکن کیا آپ نے ایسا اسمارٹ فون دیکھا ہے جو مچھروں کو بھگانے کا کام بھی کرتا ہے؟
اگرچہ ایل جی کے اسمارٹ فونز سام سنگ یا ایپل جتنے مشہور نہیں، لیکن منفرد اسمارٹ فونز پیش کرنا ہمیشہ سے ایل جی کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ ایسا ہی ایک اسمارٹ فون LG K7i ہے جو ایل جی نے بھارت میں ریلیز کیا ہے۔ بظاہر یہ ایک عام سا اسمارٹ فون ہے جس میں اوسط درجے کا ہارڈ ویئر ہے۔ لیکن جو چیز اس اسمارٹ فون کو منفرد بناتی ہے، وہ اس میں مچھر بھگانے والی ٹیکنالوجی ہے۔ ایل جی نے اس اسمارٹ فون میں اپنی Mosquito Away ٹیکنالوجی استعمال کی ہے۔ یہ بنیادی طور پر ایک الٹرا ساؤنڈ ڈیوائس ہے جو 30 کلو ہرٹز فریکوئنسی کی صوتی موجیں خارج کرتی ہے۔ انسان ان آوازوں کو نہیں سن سکتے لیکن مچھروں کے لیے یہ آوازیں قابل سماعت ہوتی ہیں اور وہ ان سے دور بھاگتے ہیں۔ ایل جی کے مطابق لیبارٹری میں کیے تجربات میں اس ٹیکنالوجی کی بدولت 72 فیصد مچھروں دور بھاگے۔
اس فون کا نچلا حصہ قدرے پھولا ہوا ہے۔ یہی وہ حصہ ہے جس میں الٹرا ساؤنڈ ڈیوائس نصب ہے۔ اس فون کی قیمت بھارت میں 7990 بھارتی روپے ہے۔ دیگر ہارڈ ویئر کی بات کریں تو اس میں 1.1گیگا ہارٹز کا کواڈ کور پروسیسر، 2 گیگا بائٹس ریم، 16 گیگا بائٹس اسٹوریج ، 8 میگا پکسل فرنٹ کیمرا اور پانچ میگا پکسل بیک کیمرا نصب ہے۔
فی الحال یہ بات نامعلوم ہے کہ ایل جی اس فون کو بھارت کے علاوہ کسی دوسرے ملک میں پیش کرے گا یا نہیں۔ پاکستان جہاں کئی علاقوں میں ڈینگی نے اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں، یہ اسمارٹ فون ڈینگی پر قابو پانے کی کوششوں میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔