31 اگست کو ایل جی اپنے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فون ایل جی وی 30 ریلیز کرنے والا ہے۔ لیکن اس سے پہلے ایل جی نے اس اسمارٹ فون کے کیمرے کے حوالے سے کچھ اطلاعات جاری کی ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ یہ فون باقی اسمارٹ فون کتنا مختلف ہوگا۔
اس اسمارٹ فون کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پشت پر دو کیمرے نصب ہیں جن میں سے ایک کیمرے کے عدسے کا اپرچر سائز f/1.6 ہے۔ یہ دنیا کا پہلا عوامی اسمارٹ فون ہے جس میں اتنے چوڑے اپرچر یا دہانے والے عدسے کا استعمال کیا گیا ہے۔ عام طور پر اسمارٹ فون کے کیمروں میں f/1.8 اپرچر سائز کا عدسہ استعمال کیا جاتا ہے، ایپل آئی فون سیون میں بھی استعمال کیے گئے عدسے کا اپرچر اسی سائز کا ہے۔ زیادہ بڑے اپرچر سائز کی وجہ سے V30 کے کیمرا سینسر تک 25 فیصد زیادہ روشنی پہنچتی ہے جس سے تصاویر میں قابل ذکر بہتری آتی ہے۔ خاص طور پر جو روشنی کم ہو تو زیادہ اپرچر سائز کی وجہ سے V30 کا کیمرا زبردست تصاویر کھینچ سکتا ہے۔
عدسے کے اپرچر سائز میں تبدیلی کے علاوہ ایل جی نے اس فلیگ شپ اسمارٹ فون میں پلاسٹک سے بنے عدسے کے بجائے انتہائی شفاف شیشے کے عدسے استعمال کیے ہیں جن کے بارے میں ایل جی کا کہنا ہے کہ وہ پلاسٹک کے مقابلے میں روشنی کو زیادہ بہتر طریقے سے کیمرے کے سینسر تک پہنچا سکتے ہیں۔
اسمارٹ فون کی مارکیٹ میں ایل جی کا حصہ بہت زیادہ تو نہیں ہے لیکن اس کے اسمارٹ فون اپنے انفرادیت کی وجہ سے دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں۔