پی ایچ پی، حصول اور انسٹالیشن
ماضی کے مقابلے میں اب پی ایچ پی کی انسٹالیشن کچھ مشکل نہیں رہی۔ ایک دہائی قبل اس کی انسٹالیشن کے لئے خاصے پاپڑ بیلنے پڑتے تھے۔ لیکن اب پی ایچ پی کا انسٹالر خود کار طریقے سے پی ایچ پی انسٹال کرلیتا ہے۔
پی ایچ پی کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے یہ لنک ملاحظہ کریں:
پی ایچ پی کی انسٹالیشن سے پہلے آپ کو اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ میں اپاچی یا IIS ویب سرور انسٹال کرنا ہوگا۔
اگرچہ پی ایچ پی کی انسٹالیشن مشکل نہیں، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ نئے سیکھنے والوں کے لئے اسے انسٹال کرنا کچھ دشوار ضرور ثابت ہوسکتا ہے۔ اس لئے بہتر ہے کہ بنے بنائے ڈیویلپمنٹ انوائرنمنٹ جن میں پی ایچ پی، ویب سرور، ڈیٹا بیس سمیت تمام ضروری اجزاء پہلے سے موجود ہوتے ہیں، انسٹال کرلیئے جائیں۔
ان ڈیویلپمنٹ انوائرنمنٹس میں EasyPHP اور WAMP بہت مشہور و معروف ہیں۔ آپ انہیں درج ذیل روابط سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
پی ایچ پی میں آپ کا پہلا ویب پیج
اس سے پہلے ہم مزید کوئی وضاحت کریں، سب سے پہلے آپ یہ کوڈ ملاحظہ کریں۔
<?php echo 'Hello, World!'; ?>
آپ اس کوڈ نوٹ پیڈ میں ٹائپ کرلیجئے اور پھر firstprogram کے نام سے سرور کی روٹ ڈائریکٹری میں محفوظ کرلیں۔ یاد رہے کہ آپ اس فائل کو ایکسٹینشن لازماً .php رکھیں گے۔ نوٹ پیڈ میں جب آپ فائل محفوظ کررہے ہوتے ہیں توSave as کے ڈائیلاگ باکس میں Save as Type کے سامنے موجود کومبو لسٹ میں سے All Files منتخب کریں۔ بصورت دیگر آپ کی فائل کا ایکسٹینشن .phpکے بجائے .txtہوجائے گا اور ویب سرور اسے پی ایچ پی کے اسکرپٹ کے بجائے بطور ٹیکسٹ فائل آپ کو پیش کرے گا ۔
بہرحال، اس فائل کو محفوظ کرنے کے بعد اب آپ ویب براوزر کھولیں اور ایڈریس بار میں http://localhost/firstprogram.php لکھ کر اینٹر کریں۔ آپ کو تصویر PHP01 جیسا نتیجہ نظر آنا چاہئے۔
اگر ایسا نہیں ہے تو یقینا آپ نے پی ایچ پی کو درست طریقے سے کنفیگر نہیں کیا۔ آپ ایک بار پھر تمام انسٹالیشن چیک کریں اور دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہی کنفیگریشن مکمل کریں۔
آئیے اب اس کوڈ کی ذرا تفصیلی وضاحت کرتے ہیں۔ پی ایچ پی میں لکھا گیا کوئی بھی ویب پیج یا کوڈ <?php اور ?> کے درمیان لکھا جاتا ہے۔ آپ اس کا عملی مظاہرہ ہمارے بنائے ہوئے پہلے ویب پیج میں دیکھ سکتے ہیں۔ اس تین لائنوں کے کوڈ میں پہلی اور آخری لائن انہی پی ایچ پی کوٹس پر مبنی ہیں۔
دوسری یا ان پی ایچ پی کوٹس کے درمیانecho ‘Hello, World!’;لکھا ہے۔ اس لائن میں سب سے پہلے echo کا فنکشن موجود ہے جس کا کام دیئے ہوئے متغیر (ویری ایبل) یا متن (ٹیکسٹ) کو اسکرین پر پرنٹ کردینا ہے۔ آپ اس کے سامنے کوئی بھی جملہ یا لفظ لکھیں گے وہ اسکرین پر پرنٹ کردی جائے گی۔ ایک بات کا خاص خیال رکھیں کہ پی ایچ پی میں ٹیکسٹ کو ہمیشہ کوٹس یعنی ”میں لکھا جاتا ہے۔ ویژول بیسک استعمال کرنے والے قارئین شاید یہاں چونک جائیں کیوں کہ وی بی میں ٹیکسٹ کو ڈبل کوٹس میں لکھا جاتا ہے۔ ٹیکسٹ لکھتے ہوئے ایک بات کا دھیان رکھیں کہ ٹیکسٹ کے بیچ میںکہیں بھی سنگل کوٹ (‘) کا استعمال نہ کریں۔ بصورت دیگر ایرر واقع ہوجائے گا۔ اگر ایسا کرنا ضروری ہو تو پھر سنگل کوٹ سے پہلے ایک سلیش (\)ضروری لگائیں۔ جیسے یہ کوڈ ملاحظہ کریں۔
echo 'COMPUTING\'s Latest Issue';
اس میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ٹیکسٹ کے بیچ میں سنگل کوٹ استعمال کرنے سے پہلے ایک سلیش لگایا گیا ہے۔ اس طرح پی ایچ پی کے پارسر کو ایک پیغام ملتا ہے کہ آگے ایک کوٹ موجود ہے جسے صرف اسکرین پر پرنٹ کرنا ہے، اس کے علاوہ اس کا مقصد کوئی دوسرا ٹیکسٹ شروع یا ختم کرنا نہیں ہے۔
ایک اور چیز کا دھیان رکھیں کہ پی ایچ پی کے کوڈ میں لکھئے ہوئے ہر کوڈ بلاک (Code Block) کے اختتام پر سیمی کولن کا استعمال ضرور کریں۔ بصورت دیگر ایرر واقع ہوگا۔ یہ سیمی کولن اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کوڈ کا یہ بلاک یہاں پر ختم ہوچکا ہے اور آگے نیا کوڈ بلاک شرو ع ہورہا ہے۔
ایک اور اہم بات کہ echo کے علاوہ بھی پی ایچ پی میں ایک اور فنکشن موجود ہے جو بالکل یہی کام سرانجام دے سکتا ہے۔ یہ فنکشن print() کا ہے۔ آپ اپنے کوڈ میں echo کی جگہ print لکھ دیں ۔ نتیجے میں کوئی فرق نہیں ہوگا۔
امید ہے یہ کوڈ آپ کو ضرور سمجھ آگیا ہوگا۔ اب آپ کا یہ کام ہے کہ اسی کوڈ میں نت نئی تبدیلیاں لے کر آئیں۔ آپ اس کوڈ میں ایچ ٹی ایم ایل کے ٹیگس استعمال کرسکتے ہیں ، ٹیکسٹ کی فارمیٹنگ کرسکتے ہیں۔ آپ کی آسانی کے لئے ہم یہاں دو مثالیں دے رہے ہیں۔ ان کو مد نظر رکھتے ہوئے آپ اپنا کوڈ لکھیں۔
مثالیں:
<?php print '<h1><center>COMPUTING Forums!</center></h1><br/>'; print '<p align="center">COMPUTING is an unique IT Magazine</p>'; ?>
<?php print '<h2>Website:</h1>' . '<br/>' . 'https://www.computingpk.com'; ?>
دوسرے مثال میں ایک چیز وضاحت طلب ہے ۔ اس کوڈ میں ہم نے صرف ایک پرنٹ کا فنکشن استعمال کیا ہے لیکن اپنے ٹیکسٹ کو مختلف ٹکڑوں میں توڑ کر لکھا ہے۔ ہر ٹکڑے کو ایک پیریڈ یعنی (.)سے جوڑا گیا ہے۔ پیریڈ پی ایچ پی میں خاص اہمیت کا حامل آپریٹر ہے جو دو ویری ایبلز یا ٹیکسٹ کو آپس میں جوڑنے (Concate)کرنے کے لئے استعمال ہوتاہے۔
بہت شکریہ جناب! یقیناََ PHP ویب ڈیویلپمنٹ میں غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔
امید ہے آپ اسے تسلسل سے جاری رکھیں گے اور ساتھ ہی ہمیں اسی طرح داد دینے کا موقع بھی دیں گے D: