اگر آپ کسی سافٹ ویئر کے میموری کے استعمال پر نظر رکھنا چاہتے ہیں تو ہارڈ فالٹس کو سمجھنا اور ان پر نظر رکھنا بے حد ضروری ہے۔ جب آپ کوئی نئی ایپلی کیشن یا فائل کھولتے ہیں تو آپریٹنگ سسٹم کا میموری منیجر پہلے سے چلنے والے مختلف پروسسز کے ورکنگ سیٹ اور نئی ایپلی کیشن کی جانب سے کی گئی میموری کی درخواست کا تجزیہ کرتا ہے۔ جیسے جیسے کسی پروسس کا ورکنگ سیٹ بڑھتا جاتا ہے، میموری منیجر اس پروسس کی جانب سے کی گئی مزید میموری کی درخواست اور دیگر پروسسز کی درخواستوں کے درمیان توازن قائم کرتا ہے۔ جب پروسسز کی جانب سے میموری کی درخواست کردہ مقدار ضرورت سے زیادہ بڑھنے لگے تو میموری منیجر ہر پروسس کے ورکنگ سیٹ میں کمی کرکے اس کا کچھ حصہ پیج فائل میں منتقل کردیتا ہے۔ آسان زبان میں بات کی جائے تو میموری کا کچھ حصہ ہارڈڈسک پر محفوظ کردیا جاتا ہے۔
جب پروسس کو میموری کا ایسا حصہ درکار ہوتا ہے جو کہ ڈسک پر لکھا ہوا ہے ، میموری منیجر ڈسک پر سے ڈیٹا پڑھ کر پروسس کے حوالے کردیتا ہے۔ اسے ہارڈفالٹ کہا جاتا ہے۔ ہارڈفالٹ کا واقع ہونا معمولی بات ہے۔ لیکن اگر کوئی سافٹ ویئر بہت زیادہ ہارڈ فالٹ پیدا کررہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اسے درکار میموری کا ایک بڑا حصہ پیج فائل میں محفوظ ہے۔
یاد رکھیں کہ ریم کی رفتار ہارڈڈسک کی رفتار سے کافی زیادہ ہوتی ہے۔ ریم سے یا ورکنگ سیٹ سے ڈیٹا حاصل کرنا کسی پروسس کے لئے برق رفتاری کا عمل ہے لیکن ہارڈ فالٹ کی صورت میں میموری منیجر کو ڈسک سے ڈیٹا حاصل کرنا ہوتا ہے جو کہ ریم کے مقابلے میں کئی گنا سست رفتار ہے۔ لہٰذا جب کوئی سافٹ ویئر ہارڈ فالٹ پیدا کرتا ہے تو وہ خود بھی سست رفتار ہوجاتا ہے۔ ہارڈ فالٹس اور سافٹ ویئر کی کارکردگی کا آپس میں براہ راست تعلق ہے۔ اس کی ایک مثال یوںبھی دی جاسکتی ہے کہ جب آپ کسی کمپیوٹر کو ہائبرنیٹ کرتے ہیں تو میموری کا تمام تر مواد ہارڈڈسک پر ایک فائل محفوظ کردیا جاتا ہے اور جب آپ کمپیوٹر کو ہائبرنیشن سے جگاتے ہیں تو آپریٹنگ سسٹم ہارڈڈسک سے میموری کا تمام ڈیٹا دوبارہ میموری میں بحال کردیتا ہے۔ اس دوران آپریٹنگ سسٹم انتہائی سست رفتاری کا مظاہرہ کررہا ہوتا ہے اور اس پر چلنے والی ایپلی کیشنز بھی سست رفتاری سے کام کرتی ہے۔ وجہ وہی ہے کہ ہارڈڈسک سے ڈیٹا پڑھنے کی رفتار ریم کے مقابلے میں بہت کم ہوتی ہے۔
اگر کوئی پروسس زیادہ ہارڈ فالٹس پیدا کرتا ہے تو اس کا ایک مطلب یہ بھی لیا جاسکتا ہے کہ آپ کے کمپیوٹر میں نصب ریم کافی نہیں اور اس میں اضافے کی ضرورت ہے۔ ہارڈ فالٹس کم کرنے کا عارضی حل یہ ہے کہ چلنے والے باقی پروسس بند کردیئے جائیں تاکہ دستیاب ورکنگ سیٹ (طبعی میموری ) میں اضافہ ہوسکے۔
فیزیکل میموری ٹیبل
ریسورس مونیٹر میں پروسسز کے جدول کے نیچے ایک رنگین گراف نظر آرہا ہوتا ہے۔ یہ گراف تصویری شکل میں بتاتا ہے کہ ریم کس طرح استعمال ہورہی ہے۔ اسی گراف کے نیچے ہر رنگ کا مطلب بھی لگا ہوتا ہے۔
ہارڈویئر ریزروڈ (Reserved) میموری سے مراد میموری کا وہ حصہ ہوتا ہے جو کمپیوٹر میں نصب مختلف ہارڈ ویئر ڈیوائسز نے اپنے لئے مخصوص کررکھا ہے۔ مثلاً اگر آپ کے کمپیوٹر میں نصب ویڈیو کارڈ ریم کو ہی بطور ویڈیو میموری استعمال کرتاہے تو اس کے لئے مخصوص میموری بھی ہارڈویئر ریزروڈ میموری میں شامل ہوگی۔ میموری کا یہ حصہ کتنا ہوگا، اس بات کا انحصار کمپیوٹر میں نصب ہارڈویئر ڈیوائسز پر ہوتا ہے۔
In Use میموری کے نام سے ہی ظاہر ہورہا ہے کہ یہ ریم کا وہ حصہ ہے جسے آپریٹنگ سسٹم اور اس پر چلنے والی ایپلی کیشنز استعمال کررہی ہیں۔
اس گراف میں Modified میموری کا حصہ نارنجی رنگ میں ظاہر کیا جاتا ہے۔ اس حصے میں وہ ڈیٹا ہوتا ہے جس میں تبدیلی کی گئی ہے لیکن اسے دوبارہ واپس حاصل کرنے کی درخواست کچھ وقت سے نہیں کی گئی۔ تکنیکی اعتبار سے موڈیفائڈ میموری زیر استعمال میموری نہیں ہوتی اور اگر کافی وقت گزر جانے کے بعد بھی اس میں محفوظ ڈیٹا حاصل کرنے کی درخواست نہ کی جائے تو ڈیٹا کو پیج فائل میں منتقل کردیا جاتا ہے۔
Standby میموری Cache میموری کی طرح کام کرتی ہے۔ یہاں وہ ڈیٹا محفوظ کیا جاتا ہے جسے پروسس نے ورکنگ سیٹ سے نکال دیا ہے مگر اس ڈیٹا کا تعلق پروسس کے ورکنگ سیٹ میں موجود دوسرے ڈیٹا سے ابھی تک باقی ہے۔ اسٹینڈ بائے میموری میں محفوظ ڈیٹا کی اس کی اہمیت کے مطابق درجہ بندی کی جاتی ہے۔ درجہ بندی میں سب سے اوپر شیئر ایبل ڈیٹا ہوتا ہے۔
Free میموری کے بارے میں آپ نے یقیناً اندازہ لگا لیا ہوگا کہ یہ ریم کا وہ حصہ ہے جس پر ابھی کوئی ڈیٹا محفوظ نہیں یا پھر وہ حصہ جو کہ کسی پروسس کے زیر استعمال تھا لیکن اب وہ پروسس بند ہوچکا ہے۔ جب کوئی نیا پروسس شروع کیا جاتا ہے تو میموری منیجر Free میموری میں سے ہی کوئی حصہ نئے پروسس کے لئے مخصوص کرتا ہے۔
فری میموری کی قابل ذکر مقدار کا دستیاب ہونا اس بات کی نشانی ہے کہ آپ کے کمپیوٹر میں مناسب میموری نصب ہے اور ہارڈ فالٹس بھی کم پیدا ہونگے یعنی سافٹ ویئر بھی تیز رفتاری سے چلیں گے۔