ایپل کمپنی آئی فون کا نیا ورژن 9 ستمبر میں لانچ کرنے کی تیاری کررہی ہے اور اس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ ایپل نے 70 سے 80ملین یونٹس کی تیاری کا آرڈر دے رکھا ہے۔ یہ گزشتہ کسی بھی آئی فون کی لانچ پر دیئے گئے آرڈر سے زیادہ ہے۔ آئی فون 6 کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ یہ کافی بڑی اسکرین یعنی 4.7 انچ کا حامل ہوگا۔ تاہم اب یہ بھی خبر بازار میں گرم ہے کہ ایپل 5.5 انچ اسکرین والا آئی فون 6 بھی ریلیز کرے گا!
بظاہر 5.5 انچ جتنی بڑی اسکرین کا آئی فون پاگل پن لگتا ہے لیکن اگر ایپل کی گزشتہ سہ ماہی کی کمائی پر نظر ڈالی جائے تو پتا چلتا ہے کہ ایپل کے ٹیبلٹس (آئی پیڈ، آئی پیڈ منی) کی فروخت میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے۔ اس سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں دوسری سہ ماہی میں تقریباً تین ملین یونٹس کم فروخت ہوئے ہیں۔ ماہرین آئی پیڈ کی گھٹتی فروخت کو بڑی اسکرین والے آئی فون کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔
آئی فون کی فروخت ہر گزرتی سہ ماہی کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے اور ایپل کے زبردست منافع کی سب سے بڑی وجہ بھی یہی ہے۔ ایپل کے سی ای او ٹم کک کے مطابق ایپل 5C جس نے سست رفتاری سے آغاز کیا تھا، اب بہت بہترتعداد میں فروخت ہورہا ہے۔ اگرچہ اس فون کو کئی ماہرین ایپل کا ناکام فون قرار دیتے ہیں لیکن اس کے باوجود ایپل 5C نے مارکیٹ میں موجود دیگر کئی اسمارٹ فونز مثلاً گلیکسی ایس 4 کو فروخت کے معاملے میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بڑی اسکرین کے آئی فون کے ذریعے ایپل نہ صرف ٹیبلٹس کی فروخت میں ہونے والی کمی کو دور کرنے کی کوشش کررہا ہے بلکہ وہ سام سنگ گلیکسی ایس 5 اور ایچ ٹی سی ون ایم ایٹ جیسے بڑی اسکرین والے اسمارٹ فونز کا مقابلہ بھی کرنا چاہتا ہے۔ چونکہ ایپل آئی فون فائیو ایس اور فائیو سی کی فروخت بھی جاری رکھے گا، اس لئے 4.7انچ اور 5.5 انچ آئی فون کی وجہ سے صارفین کو اپنی ضرورت کے حساب سے چھوڑے بڑے آئی فون منتخب کرنے کی سہولت میسر آجائے گی۔تاہم کیا واقعی ایپل 5.5 جتنی بڑی اسکرین والا آئی فون ریلیز کرے گا، یہ ستمبر میں ہی پتا چلے گا۔ فی الحال جن ذرائع سے 5.5 اسکرین والے آئی فون کے بارے میں خبر ملی ہے، اس کی خبریں زیادہ تر سچ ہی ثابت ہوتی ہیں۔