انسٹاگرام کے صارفین کے لیے ایک بری خبر ہے کہ ان کے اکاؤنٹس ہیکنگ کے خطرے سے دوچار ہیں۔ انکشاف ہوا ہے کہ ہیکرز نے انسٹاگرام کی ایک خامی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کے لاکھوں صارفین کی رابطہ معلومات آن لائن فروخت کے لیے پیش کردی ہیں۔ یہ وہی خامی ہے جس کے ذریعے گزشتہ دنوں امریکی گلوکارہ سلینا گومز کا اکاؤنٹ ہیک ہوا تھا۔ انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ اس خامی کی مدد سے ہیکرز نے لاکھوں اکاؤنٹس کے ای میل ایڈریس اور رابطہ معلومات حذف کردیں، البتہ یہ خامی اب دور کی جاچکی ہے۔ ابتدا میں کمپنی نے دعویٰ کیا تھا کہ ہیکنگ صرف تصدیق شدہ اکاؤنٹس تک محدود رہی تھی، لیکن بعد ازاں بتایا گیا کہ عام صارفین کے اکاؤنٹس بھی اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
مزید خطرے کی بات یہ ہے کہ ہیکرز نے ایک ڈیٹابیس تشکیل دیا ہے جس کے ذریعےصارفین 10 ڈالر فی تلاش کے عوض متاثرین کی رابطہ معلومات تلاش کرسکتے ہیں۔ فی الحال ہیکرز نے ایک ہزار اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔
جن معروف شخصیات کے اکاؤنٹس کی تفصیلات آن لائن پھیلائی گئیں، ان میں ہیری پوٹر سیریز کی مرکزی اداکارہ ایما واٹسن، ہالی ووڈ اداکار لیونارڈی کیپریو، گلوکارہ بیونسے، لیڈی گاگا، ریحانا، ٹیلر سوئفٹ، کیٹی پیری اور برٹنی اسپئیرز شامل ہیں۔ سابق فٹ بالر ڈیوڈ بیکھم، ان کی بیگم وکٹوریہ بیکھم، اور رونالڈینیو بھی متاثرین میں شامل ہیں۔ انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال نہیں جانتے کہ کون کون سے اکاؤنٹس متاثر ہوئے ہیں۔ کمپنی نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معذرت کی ہے۔