فیس بک پر کئی دوستوں کو گروپ میں شامل کیے بغیر انفرادی طور پر پیغام بھیجیں

فیس بک بلاشبہ اس وقت دنیا کی سب سے بڑی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ بن چکی ہے۔ ہمارے تمام دوست اس پر موجود ہوتے ہیں اس لیے ہم دوسروں تک اپنی باتیں پہنچانے کے لیے بھی اس کا سہارا لیتے ہیں۔ اگر آپ کو کوئی بات ایک سے زیادہ دوستوں سے کہنی جو کہ آپ فیس بک پر براہِ راست پوسٹ کرنا نہیں چاہتے تو ظاہر ہے اسے ذاتی پیغام میں بھیجنا ہو گا۔ لیکن ایک سے زائد دوستوں کو ایک ہی پیغام بھیجنے کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ انھیں پہلے ایک گروپ میں شامل کیا جائے۔

لیکن یہاں ایک اور مسئلہ ہے وہ یہ کہ اس طرح سب کو پتا چل جاتا ہے کہ آپ نے یہ بات کس کس کو بتائی ہے۔ کیونکہ گروپ میں شامل تمام افراد گروپ میں موجود دوسرے افراد کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں۔

اس مسئلے کا بہترین حل موجود ہے جسے استعمال کرتے ہوئے آپ ایک سے زائد دوستوں کو ایک ہی پیغام ایک ساتھ بھیج سکتے ہیں لیکن سب کو پیغام الگ الگ ملے گا اور کسی کو پتا نہیں چلے گا کہ یہی پیغام اور کس کس کو بھیجا گیا ہے۔

یقیناً آپ کو پتا ہو گا کہ اب فیس بک پر چیٹ کرنے کے لیے ضروری نہیں کہ آپ فیس بک ہی استعمال کریں اس کے لیے فیس بک میسنجر اور فیس بک میسنجر کا ویب ورژن بھی موجود ہے۔

اگر آپ فیس بک میسنجر کا ویب ورژن گوگل کروم میں استعمال کرتے ہیں تو اس بہترین ٹپ کو استعمال کر سکتے ہیں جس کے ذریعے آپ کا پیغام الگ الگ لوگوں کو ایک ساتھ بھیجا جا سکتا ہے۔

اس کے لیے آپ کو گوگل کروم میں ایک ایڈاون ’’مسینجر مرج‘‘ (Messenger Merge) انسٹال کرنا ہو گا جو کہ بالکل مفت دستیاب ہے۔

کروم میں انسٹال کریں

اگر آپ نے کبھی میل مرج استعمال کی جس کے ذریعے ایک ہی ای میل مختلف لوگوں کو اسی طرح الگ الگ بھیجی جاتی ہے تو اس طریقے کو بخوبی سمجھ سکتے ہیں۔ خیر یہ ذرا بھی مشکل نہیں بس اس کی انسٹالیشن کے بعد فیس بک میسنجر کا درج ذیل ربط پر موجود ویب ورژن کھول کر لاگ اِن کر لیں:

messenger.com

یہاں آپ دیکھیں گے کہ اب ایک پلس (+) کا بٹن بھی موجود ہے۔ اس بٹن پر کلک کریں تو ایک فارم کھل جائے گا جس میں آپ بالترتیب اپنے دوستوں کے نام لکھ کر انھیں پیغام بھیجنے کے لیے ایڈ کر سکتے ہیں اور آخر میں پیغام لکھنے کے بعد نیچے موجود Send کے بٹن پر کلک کر دیں۔ اس طرح ایک ہی پیغام فوراً سب کو چلا جائے گالیکن انفرادی طور پر۔