ایپل آئی میسج اب اینڈروئیڈ کے لیے بھی

اس وقت بلاشبہ وٹس ایپ رابطوں کا سب سے بہترین ذریعہ ہے اور دنیا بھر میں لاتعداد صارفین اسے استعمال کر رہے ہیں۔ وٹس ایپ مفت ہے، محفوظ ہے، تقریباً تمام پلیٹ فارمز کے لیے دستیاب ہے اس طرح کئی فیچرز اس ایپلی کیشن میں موجود ہیں۔

اس وقت وٹس ایپ، وائبر، لائن اور ٹیلی گرام وغیرہ میسجنگ کے میدان میں نبرد آزما ہیں لیکن وٹس ایپ کو پہنچنا کسی بھی ایپلی کیشن کے لیے ممکن نہیں لیکن اطلاعات کے مطابق ایپل وٹس ایپ کو ٹکر دینے کے لیے تیار ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ ایپل جلد اپنی میسجنگ سروس آئی میسج کو اینڈروئیڈ صارفین کے لیے پیش کرنے جا رہا ہے۔ آئی میسج ایپلی کیشن 2011 میں آئی او ایس 5 میں متعارف کرائی گئی تھی اور اس نے آتے ہی انتہائی مقبولیت حاصل کر لی تھی۔ آج بھی ایپل صارفین اس سروس کو استعمال کرتے ہیں لیکن ایپل نے اسے صرف اپنے آپریٹنگ سسٹم تک محدود رکھا۔

آئی میسج بھی دنیا کی محفوظ ترین وڈیو اور وائس چیٹنگ ایپلی کیشن ہے لیکن اسے استعمال کرنے کے لیے آئی فون یا آئی پیڈ موجود ہونا چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ شروع سے اینڈروئیڈ استعمال کرنے والے اس سے زیادہ واقف نہیں ہیں۔

تاہم اب تیار ہو جائیں کیونکہ جلد آپ اسے اپنے اینڈروئیڈ فون پر بھی استعمال کر سکیں گے اور ماہرین کے مطابق اس ایپلی کیشن کے ذریعے ایپل فیس بک کے لیے مشکلات کھڑی کرنے والی ہے۔

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس فیصلے سے ایپل کو فائدہ اور نقصان دونوں ہو سکتے ہیں۔ مثلاً ایپل صارفین اس وجہ سے بھی اینڈروئیڈ پر منتقل نہیں ہوتے کیونکہ ان کا آئی میسج پر ڈیٹا اینڈروئیڈ پر منتقل نہیں ہو سکتا اور اب اس فیصلے کے بعد وہ باآسانی اینڈروئیڈ پر منتقل ہو سکیں گے۔ لیکن دوسری طرف ایپل اینڈروئیڈ کے حوالے سے بھی مارکیٹ میں بڑی جگہ حاصل کر کے کئی فائدے اُٹھا سکتا ہے۔

آئی میسجوٹس ایپ