گزشتہ ہفتے انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن یا آئی ڈی سی کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق 2013 کی تیسری سہ ماہی کے دوران دنیا بھر میں فروخت ہونے والے اسمارٹ فونز میں سے 81 فی صد گوگل اینڈروئیڈ آپریٹنگ سسٹم کے حامل تھے۔ آئی ڈی سی جو ایک معروف مارکیٹ ریسرچ کمپنی ہے، کے مطابق یہ پہلی بار ہوا ہے کہ اینڈروئیڈ نے 80 فی صد کا ہندسہ عبور کیا ہے۔
اگرچہ اینڈروئیڈ کا مارکیٹ شیئر تیزی سے بڑھ رہا ہے لیکن اس پر مبنی اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں کو اپنی جگہ بنانے میں خاصی مشکل کا سامنا ہے۔ دنیا بھر میں فروخت ہونے والے اینڈروئیڈ فونز میں سے 40 فی صد سام سنگ کے تیار کردہ ہوتے ہیں۔ دیگر کمپنیوں جیسے ایچ ٹی سی، سونی، ایل جی وغیرہ کا حصہ فی کس دس فی صد سے بھی کم ہے۔
اسی رپورٹ میں یہ دلچسپ خبر بھی شامل ہے کہ مائیکروسافٹ ونڈوز فون پر مبنی اسمارٹ فونز بھی مقبول ہورہے ہیں اور گزشتہ سال کے مقابلے میں ان کی فروخت میں 156 فی صداضافہ ہوا ہے۔ تاہم اس کے باوجود ونڈوز اسمارٹ فونز کا مارکیٹ شیئر اب بھی صرف 5 فی صد ہی ہے۔بلیک بیری آپریٹنگ سسٹم سب سے زیادہ ناکام آپریٹنگ سسٹم ثابت ہوا ہے۔ جس کے استعمال میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔