میٹ10 جاری ہونے کے فوراً بعد اسمارٹ فون بنانے والے دنیا کے تیسرے سب سے بڑے ادارے ہواوی (Huawei) نے ایک اور جدید اسمارٹ فون کی رونمائی کردی ہے۔ یہ نیا اسمارٹ فون اس کے ذیلی برانڈ آنر (Honor) کے تحت جاری کیا جا رہا ہے اور اس کا نام ہے 7ایکس۔
ہواوی درمیانی قیمت کے فونز کی بہت وسیع رینج رکھتا ہے اور سال میں کئی بار فونز جاری کرتا ہے۔ ابھی رواں سال کے اوائل میں تو 6ایکس جاری ہوا تھا، اب اسی کے نقش قدم پر 7ایکس بھی آ گیا ہے جس میں 5.93 انچ کا بڑا اور زبردست ڈسپلے ہوگا۔
جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق 7ایکس میں کرن 659 کا اوکٹاکور پروسیسر اور 4 جی بی ریم ہوگی جبکہ یہ 32 اور 64 جی بی میموری کے ساتھ دستیاب ہوگا البتہ 256 جی بی تک کے مائیکرو ایس ڈی کارڈ کی سپورٹ بھی ہوگی ۔
کیمرے کے معاملے میں تو ہواوی ویسے بھی ہمیشہ سنجیدہ ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس میں 16 اور 2میگاپکسل کے ڈوئیل کیمرے پشت پر لگے ہوں گے جبکہ سامنے 8 میگاپکسل کا سیلفی کیمرا ہوگا۔
3340 ایم اے ایچ کی جاندار بیٹری کے ساتھ یہ سیاہ، نیلے اور سنہرے رنگوں میں دستیاب ہوگا۔
ابھی یہ اعلان تو نہیں کیا گیا کہ اس میں اینڈرائیڈ کا کون سا ورژن ہوگا لیکن اندازہ یہی لگایا جا رہا ہے کہ اس میں نوگٹ انسٹال ہوگا۔
7ایکس کو مضبوط بھی بنایا گیا ہے اور اس کی بیٹری کو اوور ہیٹنگ، اوور وولٹیج اور اوور کرنٹ سے بچانے کے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔
اب تک آنر 7ایکس کی قیمت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا لیکن ذہن میں رہے کہ 6ایکس کی قیمت 250 ڈالرز تھی یعنی نیا فون 300 ڈالرز سے کم قیمت کا ہی ہوگا۔