چینی کمپنی ہواوے کی جانب سے بہترین اسمارٹ فونز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ کچھ ہی دن پہلے ہواوے نے اپنا بہترین اسمارٹ فون آنر میجک پیش کیا تھا جس میں موجود منفرد فیچرز تاحال ایپلی آئی فون اور سام سنگ کی گلیکسی سیریز میں بھی موجود نہیں۔ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ہواوے نے اب اپنا نیا ڈوئل سم اور ڈوئل کیمرا فون ہواوے آنر 6ایکس (Huawei honor 6x) پیش کیا ہے۔ آئیے آپ کو اس فون کے فیچرز سے آگاہ کرتے ہیں۔
آنر 6x میں آنر میجک کی طرح بیک پر دو کیمرے موجود ہیں۔ ان میں سے ایک کیمرا بارہ میگا پکسلز جبکہ دوسرا دو میگا پکسلز کا ہے۔ اگر آپ بہترین فوٹو گرافی کرنا چاہتے ہیں تو یقیناً جانتے ہوں گے کہ صرف مطلوبہ منظر کی تصویر بنانا اچھا سمجھا جاتا ہے اور بیک گراؤنڈ کو بلر رکھا جاتا۔ صارفین کو یہی فیچر فون میں فراہم کرنے کے لیے آنر 6x میں یہ دو کیمرے شامل کیے گئے ہیں۔ یہ دونوں کیمرے مل کر ایسی ہی تصویر بناتے ہیں۔
اس کے بعد کیمرے کے نیچے ایک فنگر پرنٹ سینسر موجود ہے۔ یہ سینسر فون کو اَن لاک کرنے کا کام کرتا ہے اور اس کی کارکردگی انتہائی لاجواب اور برق رفتار ہے۔ مالک کی انگلی کے نشانات کو پہچانتے ہی یہ فون فوراً ہی تالا کھول دیتا ہے۔
اس فون میں ہواوے کا اپنا تیار کردہ 655 کیرین پروسیسر نصب ہے۔ ریم 3 اور روم 32 جی بی موجود ہے لیکن اگر آپ چاہیں تو 4 جی بی ریم اور 64 جی بی روم کا ورژن بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایس ڈی کارڈ کے ذریعے اسٹوریج کو 128 جی بی تک مزید بھی بڑھانے کی سہولت دستیاب ہے۔
ڈوئل سم اس فون میں 5.5 انچز کی ایچ ڈی ڈسپلے اسکرین موجود ہے، جبکہ آپریٹنگ سسٹم کی مد میں اینڈروئیڈ مارش میلو کو استعمال کیا گیا ہے۔ 3340 ایم اے ایچ کی اچھی خاصی طاقت ور بیٹری اس میں نصب ہے جس میں فاسٹ چارجنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
ان تمام لاجواب فیچرز کے باوجود اس فون کی قیمت انتہائی حیران کر دینے والی ہے۔ اس کی قیمت 250 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے یعنی پچیس ہزار پاکستانی روپے۔ یہ فون 10 جنوری کو فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے اور امید کی جا سکتی ہے کہ رواں ماہ ہی یہ پاکستان میں بھی دستیاب ہو گا۔