وٹس ایپ اپنے موبائل نمبر کے بغیر استعمال کریں

وٹس ایپ اس وقت سب سے مقبول میسجنگ ایپلی کیشن ہے، اس کی وجہ اس کے لاجواب فیچرز اور استعمال میں آسانی ہے۔ وٹس ایپ انسٹال کرنے کے بعد سب سے پہلا کام اسے ایکٹی ویٹ کرنا ہو تا ہے جس میں اپنا موبائل نمبر دینا ضروری ہوتا ہے۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ اپنا نمبر دیے بغیر وٹس ایپ استعمال کریں تو ایسا بھی ممکن ہے لیکن اس کے لیے وٹس ایپ کے ساتھ ایک عدد اور ایپلی کیشن ’’ٹیکسٹ ناؤ‘‘ درکار ہوگی۔

www.textnow.com

گوگل پلے اسٹور سے وٹس ایپ کو انسٹال کرنے کے بعد ’’ٹیکسٹ ناؤ‘‘ کو بھی تلاش کر کے انسٹال کر لیں۔ اس کے نام میں اسپیس نہیں ہے یعنی اسے ملا کر TextNowلکھ کر تلاش کریں۔ اگر پلے اسٹور میں یہ ایپلی کیشن نظر نہ آئے یا یہ پیغام ملے کہ یہ ایپلی کیشن آپ کے فون کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتی تو کسی متبادل ویب سائٹ سے اسے ڈاؤن لوڈ کر کے باآسانی انسٹال کیا جا سکتا ہے جیسے کہ apkmirror یا apk4fun سے۔

ٹیکسٹ ناؤ ایپلی کیشن آپ کو ایک نمبر مہیا کرتی ہے جس پر آپ پیغامات وصول کر سکتے ہیں اور اس نمبر کے ذریعے کالز بھی کر سکتے ہیں۔ یعنی اس کے ذریعے وٹس ایپ اکاؤنٹ کو ایکٹی ویٹ کیا جا سکتا ہے۔

مفت نمبر حاصل کرنے کے لیے ٹیکسٹ ناؤ کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن ضروری ہے۔ اس کے لیے ویب سائٹ کے ابتدائی صفحے پر موجود ’’سائن اپ فری‘‘ پر کلک کریں۔

اگلے صفحے پر موجود فارم کو بھر کے آپ باآسانی اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں۔

اکاؤنٹ بنانے کے بعد تصدیقی میل کے ذریعے اکاؤنٹ فعال کر لیں، آپ کو فوراً ایک نمبر فراہم کر دیا جائے گا۔

اب آپ انھی لاگ اِن تفصیلات سے فون میں موجود ٹیکسٹ ناؤ کی ایپلی کیشن میں لاگ اِن کر کے اس نمبر کو استعمال کر سکتے ہیں۔

وٹس ایپ کے ایکٹی ویشن کے مراحل میں اس ایپلی کیشن کا دیا گیا نمبر ڈال دیں۔ اگر کوئی تصدیقی ایس ایم ایس موصول نہ ہو تو کال کے ذریعے ایکٹی ویشن مکمل کر لیں۔ کال کا آپشن منتخب کریں تو ایک کال آپ کو موصول ہو گی جس میں خودکار طریقے سے ایکٹی ویشن کوڈ بتایا جائے گا۔ وہ کوڈ آپ وٹس ایپ میں ڈال کر اسے ایکٹیو کر سکتے ہیں۔

اس طرح باآسانی اپنا موبائل نمبر دیے بغیر وٹس ایپ کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔

وٹس ایپ یا کسی بھی سروس کو ایکٹی ویٹ کرانے کے لیے آپ عارضی نمبر بھی مفت حاصل کر سکتے ہیں اس کے لیے درج تحریر ملاحظہ کریں:

مفت فون نمبر فراہم کرنے والی بہترین ایپلی کیشنز

وٹس ایپ