بہترین انداز میں گیم کھیلنے کے لیے ونڈوز10 میں گیم موڈ

ونڈوز 10 میں گیمز کھیلنے کے شوقین افراد کے لیے ایک زبردست فیچر گیم موڈ کے نام سے پیش کر دیا گیا ہے۔ یہ فیچر گیم کے دوران ونڈوز کو ہینگ ہونے سے محفوظ رکھتا ہے۔

اگر آپ کمپیوٹر گیمز کھیلتے ہیں تو یقیناً جانتے ہوں گے کہ آج کل کے گیمز کس قدر بھاری بھرکم ہو چکے ہیں اور اتنے کتنے زیادہ ہارڈویئر کی ضرورت ہوتی ہے۔ چاہے آپ چند منٹوں کے لیے گیم کھیلیں یا گھنٹوں، ہارڈویئر کا طاقت ور ہونا انتہائی ضروری ہے۔

اگر اسی دوران پی سی پر کوئی اور کام بھی جاری ہو تو یہ گیم کو درست انداز میں چلنے سے متاثر کرتا ہے۔ اگر آپ دیگر تمام پروگرامز کو بند بھی کر دیں تو بیک گراؤنڈ میں کچھ سروسز چلتی رہتی ہیں اور سسٹم ریسورسز کو استعمال کرتی رہتی ہیں۔

ونڈوز10 گیم موڈ فعال کریں

اگر آپ پی سی کی پوری طاقت گیم کے حوالے کرنا چاہتے ہیں تاکہ صحیح معنوں میں گیم کا لطف اُٹھا سکیں تو اس کے لیے آپ کو ’’گیم موڈ‘‘ (Game Mode) فعال کرنا ہو گا۔

چونکہ پی سی استعمال کرنے والے زیادہ تر صارفین گیمز کھیلنا پسند کرتے ہیں اس لیے گیم موڈ فراہم کرنے والے کئی پروگرامز دستیاب ہیں لیکن اب مائیکروسافٹ نے اُن کی دُکان بند کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ونڈوز10 کی نئی اپ ڈیٹ جسے ’’کری ایٹر اپ ڈیٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے میں ایک نیا فیچر ’’گیم موڈ‘‘ کے نام سے فراہم کیا گیا ہے۔ یہ فیچر پی سی پر گیمز کھیلنے والوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو گا۔

اگر آپ نے یہ اپ ڈیٹ ابھی تک انسٹال نہیں کی تو اس ربط سے اس میں شامل بہترین فیچرز کی تفصیل جانیں اور اسے حاصل کرنے کا طریقہ بھی سیکھیں:

ونڈوز10 کری ایٹرز اپ ڈیٹ حاصل کریں

اسے فعال کرنے کے لیے آپ ونڈوز کے اسٹارٹ بٹن پر کلک کرنے کے بعد Game Mode لکھ کر تلاش کریں، گیم موڈ تک ونڈوز کی سیٹنگز کے ذریعے بھی پہنچا جا سکتا ہے۔

جب یہ سیٹنگز کھل جائیں تو یہاں سے آپ گیم موڈ کو سلائیڈر کے ذریعے ON پر لا کر فعال کر سکتے ہیں۔ جب آپ گیم کھیل چکیں تو اسے فعال غیرفعال بھی کر سکتے ہیں تاکہ پی سی درست انداز میں کام کر سکے۔

یہی نہیں آپ کسی مخصوص گیم کے لیے بھی گیم موڈ فعال کر سکتے ہیں یعنی جب آپ وہ گیم کھیلیں گے تب ونڈوز خود بخود گیم موڈ میں داخل ہو جائے گی۔ اس فیچر کو فعال کرنے کے لیے Game Bar لکھ کر تلاش کریں۔ اسے فعال کرنے کے بعد کسی بھی گیم میں اسے استعمال کرنے کے لیے win+g کی کمانڈ استعمال کریں تو یہ فیچر سامنے آجائے گا۔

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 127 میں شائع ہوئی

گیم موڈونڈوز 10ونڈوز10