انجان نمبروں کے مالک کا نام جانیں

انجان نمبروں سے آنے والی کالز ہمیشہ ہی پریشان کرتی ہیں۔ بہت سے لوگ زیادہ تر انجان نمبر سے کال لینا پسند ہی نہیں کرتے، جب انھیں پتا ہی نہ ہو کہ کون کال کر رہا ہے تو کال اٹینڈ کرنے کا موڈ مشکل سے ہی بنتا ہے۔ اکثر لوگ تو انجان نمبروں سے مس کالز کے ذریعے تنگ کرنے کا مشغلہ بھی رکھتے ہیں، اس طرح جن کو کالز موصول ہوتی ہیں وہ ہمیشہ پریشان رہتے ہیں کہ آخر یہ ہے کون۔ ایسا ضروری نہیں کہ ہر انجان نمبر آپ کو پریشان کرنے کے لئے کال کر رہا ہو، کئی بار کچھ ضروری کالز بھی انجان نمبر کے ذریعے آتی ہیں۔

اکثر لوگ بن مانگے مصیبت سے بچنے کے لئے انجان نمبر کو نظر انداز کر دیتے ہیں، لیکن ایسے میں بہت سی ضروری کالز بھی ہاتھ سے نکل جاتی ہیں۔ اب فرض کریں آپ کا کوئی اپنا نیا نمبر لینے پر آپ کو مطلع کر رہا ہو، تو؟ اسی کشمکش سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ کو کال کرنے والے کا کچھ سراغ مل جائے۔

کال کرنے والے کی معلومات آپ کے پاس ہو تو اگر کبھی کوئی آپ کو پریشان بھی کرے تو آپ اس کی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں ایسے ہی چند آسان طریقے جن سے آپ فون کرنے والے کا نام اور پتہ جان سکتے ہیں۔

کسی بھی نمبر کے مالک کا نام جاننے کے لیے سب سے آسان طریقہ تو یہی ہے کہ آپ اسے فیس بک کے ذریعے تلاش کریں۔ فیس بک پر جس طرح آپ کسی کا نام لکھ کر تلاش کرتے ہیں بالکل ویسے کسی بھی نمبر یا ای میل ایڈریس کو لکھ کر بھی تلاش کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح وہ نمبر جس کے اکاؤنٹ میں موجود ہو گا اس کی پروفائل سامنے آجائے گی۔

اس کام کو آپ فیس بک کی ڈائیلر ایپ ’’فیس بک ہیلو‘‘ کی مدد سے مزید آسان بنا سکتے ہیں۔ فیس بک کی یہ ڈائیلرایپ آپ کے فون کے ڈائیلر کی جگہ لے لیتی ہے۔ اس میں آپ کو اضافی فیچر یہ ملتا ہے کہ ایسا نمبر جو آپ کی فون بک میں موجود نہ ہو جب اُس سے کال موصول ہو گی تو یہ فوراً ہی پہلے فیس بک پر اس نمبر کو تلاش کر لے گی۔ اگر وہ نمبر کسی کے فیس بک اکاؤنٹ میں موجود ہو گا تو آپ کو Unknown نمبر کے ساتھ بھی نام لکھا نظر آجائے گا۔ یعنی بعد میں نمبر تلاش کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ آپ فوراً انجان نمبر کے بارے میں جان کر کال اُٹھانے یا نہ اُٹھانے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے فون پر انٹرنیٹ چل رہا ہو۔

یہ ایپ گوگل پلے اسٹور کے درج ذیل ربط پر موجود ہے:
facebook-hello

اگر یہ اسٹور سے انسٹال نہ ہو تو آپ سے کسی تھرڈ پارٹی ویب سائٹ جیسے کہ apkmirror.com سے بھی تلاش کر کے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

آئیے اب آپ کو تیسرا طریقہ بتاتے ہیں جو کہ ہے ’’ٹروکالر‘‘۔ یہ ایپلی کیشن کچھ مختلف طریقے سے کام کرتی ہے۔

اس ایپلی کیشن کو انسٹال کرنے سے قبل یہ تحریر ضرور پڑھ لیں:

ٹروکالر ایپلی کیشن کیسے کام کرتی ہے

ٹرو کالر (TrueCaller) اپنے آپ کو ’’گلوبل فون ڈائریکٹری‘‘ کہتی ہے۔ یہ ایپلی کیشن ایک سویڈش کمپنی کی بنائی ہوئی ہے۔ جس کے پاس کئی ممالک کے فون نمبرز (موبائل اور لینڈ لائن) کا بہت بڑا ڈیٹا بیس موجود ہے۔ویسے تو ٹروکالر کا کہنا ہے کہ وہ یہ ڈیٹا انٹرنیٹ سے تلاش کرتی ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ یہ ایپلی کیشن انسٹال ہوتے ہی آپ کی پوری کی پوری فون بک اپنے سرور پر اپ لوڈ کر دیتی ہے۔ چونکہ لوگ دوسروں کے نمبر حاصل کرنا چاہتے ہیں، اسپیم کالز سے بچنا چاہتے ہیں اس لیے ہر آئے دن اس ایپلی کیشن کے صارفین کی تعداد میں ہزاروں کا اضافہ ہو رہا ہے۔ جس سے اس کا ڈیٹا بیس نہ صرف تیزی سے بڑھ رہا ہے بلکہ درست بھی ہو رہا ہے۔ جب ایک نمبر کئی لوگوں کے پاس ایک ہی نام سے محفوظ ہوتا ہے تو اس کا سسٹم جان لیتا ہے کہ یہ فون نمبر کس کا ہے۔ یہی طریقہ استعمال کرتے ہوئے آج ’’ٹروکالر‘‘ واقعی ایک بہت بڑی گلوبل فون ڈائریکٹری بن چکی ہے۔

اس لیے ہم آپ کو اس ایپلی کیشن کو انسٹال کرنے کا مشورہ تو نہیں دیں گے لیکن اگر آپ کسی انجان نمبر کی تفصیل جاننا چاہتے ہیں تو یہ سروس ٹرو کالر کی ویب سائٹ پر موجود ہے:
www.truecaller.com


یہ ویب سائٹ کھولنے کے بعد سب سے پہلے آپ کو ملک منتخب کرنا ہو گا، اس کے بعد آپ سامنے نمبر لکھ کر تلاش کرسکتے ہیں لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنے گوگل یا ہاٹ میل اکاؤنٹ سے سائن ہوں۔

اس کے بعد آپ نے جو نمبر تلاش کیا ہو گا اگر وہ ٹروکالر کے ڈیٹا بیس میں ہوا تو جس نام سے ہوا وہ ظاہر ہو جائے گا۔ اس طرح آپ جو چاہیں نمبر تلاش کر سکتے ہیں لیکن نمبر جس نام سے لوگوں کی فون بک میں محفوظ تھا اُسی نام سے ظاہر ہو گا۔

اگر آپ ناپسندیدہ کالز اور میسجز سے جان چھڑانا چاہتے ہیں تو یہ ٹپس بھی ضرور ملاحظہ کریں:

غیر ضروری اور ناپسندیدہ کالز و پیغامات سے جان چھڑائیں

ایس ایم ایس کے ذریعے تنگ کرنے والوں کو مستقل طور پر بلاک کریں

جعلی، دھمکی آمیز کالز اور دیگر سائبر کرائمز کو رپورٹ کریں

 

unkownانجانٹرو کالرسائبر کرائمفیس بک ہیلوکالکالر