کسی فائل یا فولڈر کے بنائے جانے کی تاریخ کو بدلے بغیر دوسری جگہ کیسے منتقل کیا جائے

سوال: کسی فائل یا فولڈر کے بنائے جانے کی تاریخ(Date Created) اور تبدیل کئے جانے کی تاریخ (Date Modified) کو بدلے بغیر اسے ایک کمپیوٹر سے دوسرے کمپیوٹر یا کسی ایک جگہ سے دوسری جگہ کیسے منتقل کیا جائے۔

کسی فائل یا فولڈر کے بنائے جانے اور تبدیل کئے جانے کی تاریخ اس وقت تک تبدیل نہیں ہوتی جب تک فائل کی پراپرٹیز میں کوئی تبدیلی نہ کی جائے۔ مائیکروسافٹ کی ویب سائٹ کے مطابق جب آپ کسی فائل کو ایک فولڈر سے دوسرے فولڈ رمیں کاپی کرتے ہیں تو اس کی modified تاریخ تبدیل نہیں ہوتی، صرف created تاریخ میں تبدیل آتی ہے۔ اگر فائلز کو اسی فولڈر جس میں کہ وہ موجود ہیں، کے کسی سب فولڈر میں کاپی کیا جائے تو دونوں تاریخوں میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔ یعنی اگر آپ C:\F1\a.txt کو C:\F1\F2\ فولڈر میں کاپی کریں گے تو دونوں تاریخوں میں تبدیلی نہیں ہوگی۔

اس حوالے سے مائیکروسافٹ کا Knowledge base ڈاکیومنٹ موجود ہے جسے اس ربط پر دیکھا جاسکتا ہے:
http://support.microsoft.com/kb/299648

اس ڈاکیومنٹ میں مختلف مثالوں کے ذریعے سمجھایا گیا ہے کہ کس فائل سسٹم پر کب اور کیوں یہ تاریخیں تبدیل ہوتی ہیں۔
اگر فائلز یا فولڈرز کو ایک کمپیوٹر سے دوسرے کمپیوٹر میں کاپی کرنا ہو تو اس کا ایک حل یہ ہے کہ فولڈر کو زِپ کرلیا جائے۔ اس مقصد کے لئے وِن زپ، ون رار یا ونڈوز میں کمپریس فولڈر کی سہولت استعمال کی جاسکتی ہے۔ اگر آپ ونڈوز ایکس پی یا اس سے نیا ونڈوز آپریٹنگ سسٹم استعمال کررہے ہیں تو جس فولڈر/فائل کو کاپی کرنا مقصود ہو اس پر رائٹ کلک کرکے Sent To میں سے Compressed (Zipped) Folder کا آپشن منتخب کریں۔
پھر اس زپ فائل کو دوسرے کمپیوٹر میں کاپی کرکے Unzip کرلیں۔ کسی بھی فائل کی created یا modified تاریخ تبدیل نہیں ہوگی۔

ایک دوسرا حل تھرڈ پارٹی سافٹ ویئر کا استعمال ہے۔ ایک ایسا ہی مفت سافٹ ویئر ایٹری بیوٹ چینجر ہے جسے درج ذیل ربط سے ڈائون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

http://www.petges.lu/home/

اس ننھے سے سافٹ ویئر کے ذریعے آپ کسی بھی فولڈر یا فائل کی created اور modified تاریخ اپنی منشاء کے مطابق تبدیل کرسکتے ہیں۔ ساتھ ہی سافٹ ویئر آپ کو کئی دوسری پراپرٹیز تبدیل کرنے کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے جن تک ونڈوز آپریٹنگ سسٹم آپ کو رسائی فراہم نہیں کرتا۔

لینکس بیسڈ آپریٹنگ سسٹمز میں یہ کام اور بھی آسان ہے۔ ان میں touch کمانڈ موجود ہوتی ہے جس کے ذریعے کسی فائل یا ڈائریکٹری کے ساتھ منسلک مختلف تاریخوں کو با آسانی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ اس کمانڈ کا ایک تھرڈ پارٹی متبادل ونڈوز کے لئے بھی موجود ہے جسے http://date.bghot.com سے ڈائون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ لینکس والی ٹچ یوٹیلیٹی کمانڈ لائن ٹول ہے جبکہ یہ GUIٹول ہے۔ اس لئے اسے استعمال کرنے میں قطعی کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔ اس کا سائز بھی صرف 50 کلو بائٹس ہے اور اسے انسٹال کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔

(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ جنوری 2014 میں شائع ہوئی)

پی سی ڈاکٹر