انٹرنیٹ کی دنیا میں آج کل بٹ کوائن کے بہت چرچے ہیں اور آخر کیوں نہ ہوں ایک نامعلوم ڈیجیٹل کرنسی آئی اور چند سالوں میں دنیا کی مقبول ترین کرنسی بن گئی تو سبھی اس کے پیچھے کیوں نہ بھاگیں۔
اس وقت ایک بٹ کوائن 4500 امریکی ڈالر کے لگ بھگ پہنچ چکا ہے۔ اس کی اسی اہمیت کے باعث سبھی اسے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اگر آپ بٹ کوائن کے بارے میں پڑھ چکے ہیں تو یقیناً جانتے ہوں گے کہ اس کی کمپیوٹر پر مائننگ ہوتی ہے یعنی اسے کمپیوٹر پر خود بنایا جا سکتا ہے۔
لیکن اب اس کے لیے اتنی زیادہ کمپیوٹر ریسورسز کی ضرورت ہوتی ہے کہ عام افراد کے لیے اس کی مائننگ ممکن نہیں رہی۔
اس کے علاوہ مائننگ کے لیے نت نئے طریقے سامنے آ چکے ہیں مثلاً اب کوئی سافٹ ویئر یا ویب سائٹ بھی آپ کے پی سی کو آپ کی اجازت کے بغیر بٹ کوائن کی مائننگ کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔ دراصل چونکہ اس کے لیے ایک بڑی توانائی کی ضرورت ہوتی ہے اس لیے سافٹ ویئر اور ویب سائٹس بنانے والے لالچ میں آ کر اپنے صارفین کے کمپیوٹرز کو بھی استعمال کرنا چاہتے ہیں تاکہ مجموعی طور پر ایک بڑی طاقت انھیں مفت میں حاصل ہو جائے اور وہ بٹ کوائن کی مائننگ کا عمل آسان بنا سکیں۔
بٹ کوائن کیا ہے، اس کی مائننگ کیسے ہوتی ہے، تفصیلی جانیں
حال ہی میں ایک خبر سامنے آئی تھی کہ معروف ٹورینٹس ویب سائٹ دی پائریٹ بے نے ویب سائٹ پر آنے والوں کے براؤزر کو بٹ کوائن کی مائننگ کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا تھا۔
اس کے علاوہ حال ہی میں کروم براؤزر کے لیے دستیاب چند ایکسٹینشنز میں بھی یہ دریافت ہوا کہ وہ براؤزر کو بٹ کوائن مائننگ کے لیے استعمال کرتے تھے۔ اس سے قبل ماضی میں یوٹورینٹ سافٹ ویئر بھی یہ حرکت کر چکا ہے۔
اس وقت نفسا نفسی کا یہ عالم ہے کہ آپ اندازا نہیں کر سکتے کہ کون سی ویب سائٹ یا سافٹ ویئر آپ کے پی سی کو بٹ کوائن کی مائننگ کے لیے استعمال کرنا شروع کر دے۔
یہ مائننگ اس قدر ریسورسز کا استعمال کرتی ہے کہ آپ کا اچھا خاصا پی سی مائننگ کے دوران کسی دوسرے کام کے قابل نہیں رہتا۔ اس لیے اگر آپ اپنے پی سی کو بٹ کوائن کی ہر طرح کی مائننگ سے بچانا چاہتے ہیں تو ونڈوز کی ہوسٹ فائل میں ایک چھوٹی سی تبدیلی سے یہ ممکن ہے۔
سب سے پہلے ونڈوز میں درج ذیل لوکیشن پر پہنچ جائیں:
C:\Windows\System32\drivers\etc
یہاں موجود hosts فائل کو نوٹ پیڈ میں کھول لیں۔
اس میں ایک نئی لائن پر درج ذیل کوڈ کا اضافہ کر دیں:
0.0.0.0 coin-hive.com
خیال رکھیں کہ پہلے یہ آئی پی 0.0.0.0 لکھیں اور پھر ٹیب کا بٹن دبانے کے بعد coin-hive.com لکھنے کے بعد فائل کو محفوظ کر کے بند کر دیں۔
اس طرح آپ کا پی سی بٹ کوائن کی مائننگ سے محفوظ رہے گا، جو بھی پروگرام بٹ کوائن کی مائننگ کی کوشش کرے گا وہ اس میں کامیاب نہیں ہو پائے گا۔