ونڈوز سیون میں پوشیدہ تھیمز

ونڈوز سیون کی انسٹالیشن کے دوران سیٹ اپ آپ سے زبان، وقت اور کرنسی منتخب کرنے کو کہتا ہے۔ اسی انتخاب کی بنیاد پر یہ کچھ وال پیپر اور تھیم انسٹال کردیتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ انسٹالیشن کے دوران English United States منتخب کرتے ہیں تو انسٹال ہونے والے وال پیپرز اور تھیم امریکہ سے متعلق ہوتے ہیں۔ جیسے اگر آپ وال پیپر تبدیل کرنا چاہیں تو آپ کو صرف امریکہ سے متعلق خوبصورت تصاویر نظر آتی ہیں۔
اسی طرح آسٹریلیا، کینیڈا، برطانیہ اور ساوتھ افریقہ کے لئے بھی تھیم اور وال پیپر موجود ہیں لیکن اگر آپ نے امریکن انگلش منتخب کررکھی ہو تو یہ آپ کو نظر نہیں آتے۔ لیکن ایک ایسی ترکیب موجود ہے جس کی مدد سے آپ انہیں انسٹال اور استعمال کرسکتے ہیں۔
سب سے پہلے اسٹارٹ مینو میں سے سرچ باکس منتخب کریں اور اس میں لکھیں:

C:\Windows\Globalization\MCT

اس طرح ایک فولڈر ونڈوز ایکسپلورر میں کھل جائے گا جس میں آپ کو کئی فولڈرز نظر آئیں گے جیسے:

MCT-AU, MCT-CA, MCT-GB, MCT-US, اور MCT-ZA
ان میں سے ہر فولڈر میں مختلف ممالک کے حوالے سے تھیم اور وال پیپرز موجود ہیں۔ مثلا MCT-GB میں برطانیہ، MCT-CA میں کینیڈا کے حوالے سے تھیم و وال پیپر موجود ہیں۔ آپ کو جس ملک کا تھیم انسٹال کرنا ہو، اس کے فولڈر میں جائیں اور Theme پر ڈبل کلک کریں۔ Theme کے فولڈر میں آپ کو ایک ہی فائل نظر آئے گی۔ آپ اس فائل پر ڈبل کلک کریں گے تو یہ آپ کے کمپیوٹر میں انسٹال ہوجائے گی اور یہ تھیم آپ کو Personalization میں نظر آنے لگے گا۔ ڈیسک ٹاپ کو Personalize کرے کے لئے ڈیسک ٹاپ پر کہیں بھی خالی جگہ پر رائٹ کلک کریں اور Personalize منتخب کریں۔

TipsWindows 7