گرین ریکارڈر Green Recorder لینکس سسٹمز کے لیے ایک سادہ مگر کارآمد سکرین ریکارڈنگ پروگرام ہے جسے پائتھن، GTK+ 3 اور ffmpeg میں بنایا گیا ہے، یہ تقریباً تمام لینکس انٹرفیسس میں آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کو سپورٹ کرتا ہے، اس کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہ پہلا ڈیسک ٹاپ پروگرام ہے جو گنوم سیشن میں وے لینڈ ڈسپلے سرور کو سپورٹ کرتا ہے.
سپورٹڈ فارمیٹس میں فی الحال mkv, avi, mp4, wmv اور nut شامل ہیں جبکہ WebM صرف گنوم کے وے لینڈ سیشن میں سپورٹڈ ہے، ریکارڈنگ کے عمل کو آپ با آسانی نوٹیفیکیشن ایریا میں اس کی آئکن پر رائٹ کلک کرکے اور "Stop Record” پر کلک کرتے ہوئے روک سکتے ہیں، یا پھر نوٹیفیکیشن ایریا کی آئکن پر محض مڈل کلک کر کے بھی ریکارڈنگ کے عمل کو روک سکتے ہیں مگر یہ عمل تمام انٹرفیسس میں سپورٹڈ نہیں ہے۔
گرین ریکارڈر ریکارڈنگ کے عمل کے لیے آپ کی ڈیفالٹ آڈیو ڈیوائس کا استعمال کرتا ہے لہذا اگر آپ ڈیفالٹ آڈیو انپٹ سورس کو بدلنا چاہیں تو اس کے لیے آپ کو محض اپنے سسٹم کی سیٹنگز میں یہ تبدیلی کرنی ہوگی، مثال کے طور پر pavucontrol کو استعمال کر کے۔
وے لینڈ پر یہ بائی ڈیفالٹ V9 انکوڈر کے بجائے V8 انکوڈر کا استعمال کرتا ہے حالانکہ V9 گنوم شیل کا ڈیفالٹ انکوڈر ہے، اس کی وجہ V9 کے سی پی یو اور ریم کی کنزمپشن کے مسائل ہیں، یوں یہ آپ کو بہتر کارکردگی فراہم کرتا ہے، تاہم زورگ پر ہر فارمیٹ کا اپنا ہی ڈیفالٹ انکوڈر استعمال ہوگا۔
انسٹالیشن کے لیے ٹرمنل میں مندرجہ ذیل کمانڈز بالترتیب چلائیں:
sudo add-apt-repository ppa:mhsabbagh/greenproject
sudo apt update
sudo apt install green-recorder