گوگل آپ کے بارے میں کیا کیا جانتا ہے؟

گوگل کے نئے پرائیویسی ڈیش بورڈ کی مدد سے جانیے

گوگل جلد ہی اپنے صارفین کے لیے پرائیویسی اور سیکیورٹی ڈیش بورڈ کا نیا ڈیزائن متعارف کروانے جارہا ہے۔ یہ ڈیزائن ٹچ اسکرین فرینڈلی ہوگا اور صارفین کے لیے یہ جاننا زیادہ آسان ہوگا کہ گوگل ان کے بارے میں کیا جانتا ہے۔

اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں، گوگل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موجودہ ڈیش بورڈ، جو 2009ء میں لانچ کیا گیا تھا، نئے سرے سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ پیش کی گئی تصویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیا ڈیش بورڈ زیادہ گرافیکل اور واضح ہوگا۔ موجودہ ڈیش بورڈ میں زیادہ تر تحریری روابط ہیں جن کے کئی ذیلی مینیو ہیں۔ اس پورٹل کے ذریعے آپ گوگل پر کی جانے والی اپنی سرگرمیاں ملاحظہ کرسکتے ہیں، اپنی سرچ ہسٹری ڈیلیٹ کرسکتے ہیں اور دیگر گوگل مصنوعات مثلاً تلاش، نقشے، اور یوٹیوب پر اپنی سرگرمیوں کو کنٹرول کرسکتے ہیں۔

گوگل پرائیویسی ڈیش بورڈ: نیا (دایاں) اور پرانا (بایاں)

گوگل نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان تبدیلیوں کا اطلاق کب تک ہوگا، بلکہ صرف اتنا کہا کہ یہ تبدیلیاں آنے والے دنوں میں وقوع پذیر ہوں گی۔ گوگل نے بتایا کہ ہر سال کروڑوں، اربوں لوگ گوگل کا پرائیویسی چیک اپ استعمال کرتے ہیں، جو 2015ء میں لانچ کیا گیا تھا۔ گوگل کے مطابق ہر ماہ دس لاکھ سے زیادہ لوگ اس کا ’’ٹیک آؤٹ‘‘ فیچر استعمال کرتے ہیں۔ ٹیک آؤٹ فیچر صارفین کو ان کا ڈیٹا گوگل سے ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ 2011ء میں ٹیک آؤٹ کے اجرا سے اب تک، صارفین ایک ایکزابائٹ سے زیادہ ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرچکے ہیں جو تقریباً ایک بلین گیگابائٹ کے برابر ہے۔

پرائیویسیگوگل