گوگل پلے اسٹور پر لاکھوں ایپلی کیشنز موجود ہیں اور آپ کے اسمارٹ فون میں بھی اب کئی کئی گیگا بائٹس جگہ موجود ہوتی ہے۔ اس لئے اسمارٹ فون میں ایپلی کیشنز بھر لینا کوئی انوکھی بات نہیں۔ لیکن مسئلہ اس وقت پیش آتا ہے جب یہ درجنوں ایپلی کیشنز اپ ڈیٹ ہوتی ہیں۔ فرض کریں کہ اگر ایک ایپلی کیشن کا اپنا حجم دس میگا بائٹ ہے اور اس کی اپ ڈیٹ بھی دس میگا بائٹس کی ہے تو ہر کچھ عرصے بعد آنے والی نئی اپ ڈیٹ کی وجہ سے آپ کے اسمارٹ فون کو 10 میگا بائٹس کا ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرنا پڑے گا۔ دس گیگا بائٹس کہنے کو تو معمولی سا سائز ہے لیکن جب آپ کے پاس کئی میگا بائٹس کے ویڈیو گیم ہوں ، یا چند میگا بائٹس ہی کی درجن بھر ایپلی کیشنز ہوں تو ہر بار اپ ڈیٹ ہونے میں یہ آپ کی اچھی خاصی انٹرنیٹ بینڈ وڈتھ چٹ کرجائیں گی۔
لیکن اب اس پریشانی کا حل گوگل نے پیش کردیا ہے۔ اس حل کا نام file-by-file patching ہے۔ اس کے ذریعے ایپلی کیشنز کی اپ ڈیٹس کا حجم 90 فیصد تک کم کیا جاسکے گا۔ گوگل کا کہنا ہے کہ اس تکنیک کی وجہ سے اپ ڈیٹس ڈاؤن لوڈنگ کا سائز اوسطاً 65 فیصد تک کم ہوجائے گا اور ہر دن مجموعی طور پر تمام اینڈروئیڈ صارفین کا 6 پیٹا بائٹس ڈیٹا بچائے گا۔
گوگل کے اینڈروئیڈ ڈیویلپر نے اس تکنیک کو بیان کرتے ہوئے کہا ”فرض کریں کہ آپ کسی کتاب کے مصنف ہیں اور وہ کتاب پرنٹ ہونے جارہی رہے۔ تاہم آپ اس کتاب کے ایک جملے میں کچھ تبدیلی چاہتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں کتاب کے ایڈیٹر کو صرف مخصوص سطر یا جملہ تبدیل کرنے کی ہدایت دینا، اسے پوری کتاب دوبارہ بھیجنے سے زیادہ آسان طریقہ ہے۔ اسی طرح patches کا سائز APKفائل کے سائز سے بہت کم ہوتا ہے۔ یہ سہولت ہر ایپلی کیشن اور ہر ڈیوائس کے لئے فورا ً دستیاب نہیں ہوگی۔ اس تکنیک کے کام کرنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ کا اسمارٹ فون طاقتور ہو۔
یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 124 میں شائع ہوئی
Wow