گوگل اور ایچ ٹی سی کے درمیان ایچ ٹی سی کے کچھ حصے کی خریداری کا معاہدہ طے پاگیا

گزشہ چند ہفتوں سے HTC کے بارے میں گردش کرتی خبریں درست ثابت ہوئیں۔ گوگل نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ ایچ ٹی سی اور گوگل کے درمیان ایک معاہدہ طے پاگیا ہے جس کی مالیت 1.1 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔ اس معاہدے کے مطابق ایچ ٹی سی کا کچھ حصہ گوگل کے پاس چلا جائے گا ۔ ایچ ٹی سی اپنی جداگانہ حیثیت میں کام کرتا رہے گا اور HTC برانڈ کے تحت ہی اسمارٹ فون بناتا رہے گا۔

ایچ ٹی سی کا جو حصہ گوگل نے خریدنے کا معاہدہ کیا ہے، یہ دراصل ایچ ٹی سی کا موبائل ڈویژن ہے۔ لیکن ایچ ٹی سی نے مکمل حصہ گوگل کو فروخت نہیں کیا بلکہ اس ڈویژن کی کچھ ہنر مندافرادی قوت گوگل کے حوالے کی ہے۔ گوگل کے مطابق ایچ ٹی سی کی جو افرادی قوت اس نے حاصل کی ہے، ان کے ساتھ گوگل پہلے ہی اپنے پکسل سیریز کے اسمارٹ فون کے سلسلے میں کام کرچکا ہے اور ان کے کام سے بے حد متاثر ہے۔ اس ڈیل کے تحت گوگل کو ایچ ٹی سی کے پیٹنٹ استعمال کرنے کی اجازت بھی حاصل ہوگئی ہے۔

یہ دوسرا موقع ہے جب گوگل نے اسمارٹ فون بنانے والی کسی کمپنی یا اس کے حصے کو خریدا ہے۔ چھ سال قبل گوگل نے ساڑھے بارہ ارب ڈالر کی خطیر رقم کے عوض موٹورولا موبیلٹی کو خریدا تھا۔ لیکن 2014ء میں گوگل نے اسے بہت کم قیمت میں لینوو کو فروخت کردیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ گوگل نے موٹورولا کو اس کی پیٹنٹ ٹیکنالوجیز حاصل کرنے کے لیے خریدا تھا۔

ایچ ٹی سیگوگل