آئی او ایس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کے بعد اب گوگل اینڈرائیڈ کی کی بورڈ ایپ ‘جی بورڈ‘ آگے نکلتی جارہی ہے۔ تازہ ترین اپڈیٹ میں جاپانی سمیت 40زبانوں اور اسٹیکر پیکس کا اضافہ کیا گیا ہے۔
گو کہ گوگل پہلے ہی اردو جیسی غیر لاطینی زبانوں کے لیے کی بورڈ رکھتا تھا، لیکن خاص بات یہ ہے کہ وہ آپ کو جی بورڈ انسٹال کرنے پر مجبور نہیں کرتا۔ یہ آپ کو خود کرنا ہوگا بلکہ نئی زبان کے لیے سیٹ اپ بھی کرنا پڑے گا۔
ویسے جن صارفین نے اب تک جی بورڈ استعمال نہیں کیا انہیں بتاتے چلیں کہ اس میں گوگل سرچ کی بورڈ کے اندر موجود ہے ساتھ ہی GIFs، ایموجیز اور ان کے کئي ٹولز، گلائیڈ ٹائپنگ بلکہ وائس ٹائپنگ بھی ہے اور مزیدار بات یہ ہے کہ وائس ٹائپنگ اردو میں بھی ہے، یعنی آپ بولتے جائیں، یہ لکھتا جائے گا یعنی ٹائپنگ کے جھنجھٹ سے مکمل نجات۔ اتنی ساری خصوصیات دیکھیں تو باقی کی بورڈز تو ‘جی بورڈ’ کےسامنے بچے لگتے ہیں۔
اب جی بورڈ تازہ ترین اپ ڈیٹ کے ساتھ اب 120 زبانوں تک پھیل گیا ہے جبکہ ڈیفالٹ میں چار اسٹیکر پیکس بھی ہیں یعنی اب الفاظ استعمال کرنے کی ضرورت ہی نہیں، یا تو وائس ٹائپنگ کا استعمال کریں یا پھر اسٹیکرز کا!