گوگل کروم بک پکسل

گوگل نے 21 فروری کو ’’کروم بک پکسل‘‘ کا اجراء کرکے سب ہی کو حیران و پریشان کردیا۔ صارفین اس غیر متوقع ریلیز اور کروم بک کے زبردست ہارڈویئر کی وجہ سے حیران جبکہ اس کی قیمت سے پریشان ہوگئے۔

کروم بک پکسل ایک مکمل ٹچ اسکرین لیپ ٹاپ ہے جس کی اسکرین کا سائز 12.9انچ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ ریزولوشن 2560×1700ہے۔ گوگل کا دعویٰ ہے کہ اس لیپ ٹاپ میں پکسلز کی کثافت 239 پکسلز فی انچ ہے جو ایپل کے میک بک پرو ریٹینا سے بھی زیادہ ہے۔ یاد رہے کہ میک بک پرو ریٹینا کی اسکرین کا سائز 13انچ اور پکسلز کی کثافت 227 پکسلز فی انچ ہے۔

کروم بک پکسل میں ’’دُہری کور‘‘ والا Core i5پروسیسر نصب ہے جو 1.5 گیگا ہرٹز کی کلاک اسپیڈ پر کام کرتا ہے۔ ساتھ ہی اس میں 32 گیگا بائٹس کی سالڈ اسٹیٹ ڈسک بھی موجود ہے۔ گوگل کے مطابق اس لیپ ٹاپ کی بیٹری پانچ گھنٹے مسلسل چل سکتی ہے۔اس میں 4گیگا بائٹس کی RAMنصب ہے۔
گوگل نے اب تک یہ نہیں بتایا کہ اس لیپ ٹاپ کو تیار کس کمپنی سے کروایا گیا ہے۔ تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ اسے بھی Asus نے ہی تیار کیا ہے جو پہلے ہی گوگل نیکسس 7 ٹیبلٹ تیار کررہا ہے۔

اس لیپ ٹاپ کی باڈی ایلومونیم کے بھرت سے تیار کی گئی ہے اور اس پر اِسکُرو کچھ اس طرح سے نصب کئے گئے ہیں کہ وہ نظر نہیں آتے۔ اس کا وزن صرف 1.53 کلو گرام ہے جو اس کے مد مقابل میک بک پرو ریٹینا سے تھوڑا کم ہے۔ اس کی موٹائی بھی صرف 16.2 ملی میٹر ہے۔ سالڈ اسٹیٹ ہارڈڈسک کے ساتھ ساتھ گوگل کروم بک پکسل کے صارفین کو ایک ٹیرا بائٹس کی آن لائن کلائوڈ اسٹوریج بھی اگلے تین سال تک بالکل مفت فراہم کرے گا۔ کروم بک کے پچھلے ورژن کے ساتھ گوگل دو سال تک ایک سو گیگا بائٹس کی مفت اسٹوریج فراہم کرتا تھا۔

اس خبر کی مزید تفصیل مارچ 2013ء کے شمارے میں ملاحظہ کی جاسکتی ہے

کروم بک پکسلگوگلگوگل کروم بکمارچ 2013