گوگل کے سی ای او بھی ہیکرز سے بچ نہ سکے

چند ہی دن پہلے فیس بک کے بانی مارک زکر برگ ہیکرز کا نشانہ بن چکے ہیں۔ آور مائن (OurMine) نامی گروپ نے ان کے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس ہیک کر لیے تھے۔ اور یقیناً آپ کمپیوٹنگ میں یہ بھی پڑھ چکے ہوں گے کہ مارک کس طرح ٹیپ کے ٹکڑوں سے ہیکرز کو شکست دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اب کی بار اسی ہیکر گروپ کا نشانہ بنے ہیں گوگل کے سی ای او سندر پچائی۔ آور مائن نے سندر پچائی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرتے ہوئے اپنے روایتی انداز میں پیغام لکھا کہ ہم تو صرف آپ کی سکیوریٹی آزما رہے ہیں۔

Photo: thenextweb.com

دراصل ہوا کچھ یوں کہ سندر پچائی ایک سروس Quora استعمال کرتے ہیں جو کہ ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جڑی ہوئی ہے۔ Quora پر لکھا گیا پیغام خود بخود ٹوئٹر پر پوسٹ ہو جاتا ہے۔ تو آور مائن نے دراصل Quora تک رسائی حاصل کی اور وہاں سے ٹوئٹر پیغام لکھا۔ بہرحال وہ سندر پچائی کے 508,000 تک اپنا پیغام پہنچانے میں کامیاب رہے۔

آور مائن نامی یہ گروپ اپنے آپ کو سکیوریٹی فرم کہتا ہے اور ان کا نشانہ ہمیشہ بڑے اور مشہور لوگ بنتے ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ کئی اہم شخصیت کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر چکے ہیں۔