فیس بک وائرس سے نجات حاصل کریں

اکثر لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ میری فیس بک وال پر کچھ اخلاق باختہ اور بے ہودہ قسم کی تصاویر اور ویڈیو پوسٹ ہوگئی ہیں۔ ساتھ ہی میرے کئی دوست بھی خود بخود اس پوسٹ پر ٹیگ ہوگئے ہیں۔ جو بھی میری پروفائل پر آتا ہے، اسے یہ تمام بے ہودہ تصاویر نظر آرہی ہوتی ہے۔ یہ تصاویر میں نے پوسٹ کی ہیں نہ ہی میں نے اپنے دوستوں کو ان تصاویر پر ٹیگ کیا ہے۔ برائے مہربانی مجھے بتائیں کہ اس مسئلے سے کیسے نمٹا جائے؟

ہمارے کئی قارئین اس مصیبت کا سامنا کرچکے ہیں۔ پہلے تو یہ سمجھ لیں کہ آپ کو پریشانی کا سامنا دو صورتوں میں کرنا پڑتاہے۔اول جب آپ کے کسی فیس بک دوست کا اکاؤنٹ ہیک ہوجائے یا وائرس کا شکار ہوجائے۔ دوم جب آپ کے اپنے اکاؤنٹ کے ساتھ بھی یہی سب کچھ ہوجائے۔ پہلی صورت میں آپ کو بار بار نوٹی فکیشن ملتی ہیں کہ آپ کے دوست نے کسی تصویر میں آپ کو ٹیگ کردیا ہے۔ اگرچہ اس سے آپ کے اکاؤنٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا لیکن آپ کی فیس بک وال پر وہ بے ہودہ تصویر نظر آنا شروع ہوجاتی ہے جس میں آپ کو ٹیگ کردیا گیا تھا۔ یہ ان لوگوں کے لئے جو کہ آپ کی فیس بک وال پر آتے ہیں، خاصے صدمے کی بات ثابت ہوسکتی ہے۔ اس صورت حال سے بچنے کے لئے آپ کو چاہئے کہ دوستوں کی جانب سے آپ کی فیس بک وال پر پوسٹ کی گئی تحاریر یا تصاویر کو نظر ثانی (review) کے بغیر وال پر شائع نہ ہونے دیں۔ یہی کچھ ٹیگ کی گئی تصاویر کے ساتھ بھی کرنا چاہئے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ فیس بک پر لاگ ان ہونے کے بعد facebook.com/settings پر تشریف لے جائیں۔ سیٹنگز تک رسائی کے لئے اُس ڈراپ ڈاؤن لسٹ جس میں لاگ آؤٹ کا ربط موجود ہے، Settings پر بھی کلک کیا جاسکتا ہے۔

سیٹنگز یا ترتیبات میںبائیں جانب موجود Timeline and Tagging کے ربط پر کلک کیجئے۔ دائیں جانب کئی ترتیبات جنہیں آپ تبدیل کرسکتے ہیں، ظاہر ہوجائیں گی۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی فیس بک وال پر کوئی شخص کچھ بھی پوسٹ نہ کرسکے تو Who can post on your timeline?کے سامنے Editپر کلک کریں اور Only Me کا انتخاب کریں۔ لیکن اگرآپ چاہتے ہیں کہ آپ کے دوست وال پر پوسٹ کرسکیں تو Review posts friends tag you in before they appear on your timeline کے سامنے موجود Edit پر کلک کرکے Enabled کا انتخاب کریں۔ اس طرح دوست آپ کی وال پر پوسٹ تو کرسکیں گے لیکن جب تک آپ اس پوسٹ کو وال پر شائع کرنے کی اجازت خود نہیں دیں گے، وہ وال پر ظاہر نہیں ہوگی۔ یعنی اگر آپ کے دوست کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک بھی ہوگیا اور وائرس نے آپ کی وال پر کچھ پوسٹ کرنے کی کوشش بھی کی تو اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔

اس کے علاوہ آپ کو Review tags people add to your own posts before the tags appear on Facebook کے آپشن کو بھی فعال کردینا چاہئے۔ اس طرح وہ پوسٹ یا تصاویر جن میں کسی نے آپ کو ٹیگ کردیا ہے، بھی آپ کی پروفائل میں اس وقت تک ظاہر نہیں ہونگی جب تک آپ اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

لیکن اگر آپ کا اپنا ہی اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہو اور وائرس نے آپ کی پروفائل کا ستیا ناس کردیا ہو تو اس کی ذمے داری عموماً فیس بک ایپلی کیشنز کے سر تھوپی جاسکتی ہے۔فیس بک نے پروگرامر حضرات کو فیس بک کے لئے مختلف ایپلی کیشنز بنانے کی سہولت اور اجازت دے رکھی ہے۔ آپ جو ویڈیو گیم فیس بک پر کھیلتے ہیں وہ دراصل ایپلی کیشنز ہی ہوتی ہیں۔ ان ایپلی کیشنز کو چلنے کے لئے مختلف اجازتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ مثلاً یہ ایپلی کیشنز آپ کے دوستوں کی فہرست، آپ کے دوستوں کی تصاویر، ان کی وال پر کچھ پوسٹ کرنے کی سہولت جیسی اجازتیں مانگتی ہیں۔ بدقسمتی سے لوگ بغیر سوچے سمجھے ہر قسم کی اجازتیں انہیں دے دیتے ہیں۔ لوگوں کی اسی لاپرواہی کا فائدہ اٹھا کر وائرس ایپلی کیشنز بنانے والے اپنی ایپلی کیشنز صارف کے فیس بک اکاؤنٹ میں نصب کروالیتے ہیں اور ان کے اکاؤنٹ کا ستیا ناس کردیتے ہیں۔ اس لئے اگر آپ کا فیس بک اکاؤنٹ وائرس سے متاثر ہوچکا ہے تو پہلی فرصت میں ترتیبات یعنی سیٹنگز میں جائیں اور وہاں بائیں جانب موجود Apps کے ربط پر کلک کریں۔ آپ کو دائیں جانب ان تمام ایپلی کیشنز کی فہرست نظر آنا شروع ہوجائے گی جو کہ آپ کے اکاؤنٹ میں نصب ہیں۔ آپ ایسی تمام ایپلی کیشنز جنہیں آپ استعمال نہیں کرتے، پر کلک کریں اور کھلنے والی ونڈو میں Remove App کے ربط پر کلک کریں۔ اس طرح ایپلی کیشن حذف ہوجائے گی۔بعض ایپلی کیشنز کو Remove کرنے پر فیس بک اس ایپلی کیشن کی پوسٹ کی ہوئی تصاویر اور دیگر ڈیٹا کو بھی حذف کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اگر یہ سہولت میسر ہو تو اس کا بھی فائدہ اٹھائیں اور اپنی فیس بک پروفائل کو غیر ضروری ڈیٹا سے پاک صاف بنائیں۔

اینٹی مال ویئرفیس بکفیس بک وائرسمال ویئروائرس
تبصرے (1)
Add Comment
  • عثمان احمد

    well … i already have set everything in my privacy setting … but it is good to read your article again … i always recommend my friends to block every application and withdraw permission to others to post on their wall … this one is worked a lot <3