اسمارٹ فون پر گانے سنتے ہوئے دھماکے دار ساؤنڈ حاصل کریں

اسمارٹ فون پر موسیقی سے لطف اندوز ہونا بھلا کس کو پسند نہیں؟ بلکہ آج کل تو ہر جگہ گانے سننے کے لیے اسمارٹ فون ہی استعمال ہوتا ہے۔ چاہے شادی کی کوئی تقریب ہو یا دوستوں کے ساتھ طویل سفر پر گامزن ہوں سبھی کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کا فون اسپیکرز سے منسلک کر دیا جائے تاکہ ان کے پسندیدہ گانے بھرپور ساؤنڈ پر سنائی دیں۔ لیکن اگر گانے زبردست بیس (Bass) اور دھماکے دار ساؤنڈ کے ساتھ نہ چلیں تو سارا مزہ خراب ہو جاتا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ آپ کا فون زبردست ساؤنڈ پیدا نہیں کر سکتا بلکہ آپ کے میڈیا پلیئر کی سیٹنگز بھی اس کا گلا گھوٹنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔اس کے علاوہ گانے کا اچھے معیار کا ہونا بھی ضروری ہے۔

اگر آپ موسیقی کے اعلیٰ معیار سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے گانا ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے اس کے معیار کا ضرور خیال رکھیں۔ عام طور پر گانے کا سائز چار سے پانچ ایم بی ہوتا ہے کیونکہ یہ 128KBPS بِٹ ریٹ کا حامل ہوتا ہے لیکن اگر آپ 320KBPS کا حامل کوئی گانا ڈاؤن لوڈ کریں گے تو اس کا سائز کم از کم دس ایم بی ہو گا کیونکہ اس کا بِٹ ریٹ انتہائی بہتر ہے۔ اچھے معیار کا گانا ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد آپ کے اینڈروئیڈ اسمارٹ فون میں ایک ایپلی کیشن Equalizer FX بھی انسٹال ہونی چاہیے جو کہ آپ درج ذیل ربط سے حاصل کر سکتے ہیں:
equalizerfx

اس ایپلی کیشن میں موسیقی کو بہترین انداز میں پیش کرنے کے لیے کئی پروفائلز پہلے سے موجود ہیں۔ اگرچہ آپ چاہیں تو اپنی پسند کے مطابق بھی ایفیکٹس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے انھیں بدل کر دیکھ سکتے ہیں لیکن اگر آپ زیادہ محنت کیے بغیر ہی موسیقی کا معیار بہتر بنانا چاہتے ہیں تو کوئی پروفائل جیسے کہ لائٹ، کلاسیکل یا سُپر بیس منتخب کر سکتے ہیں۔

ایکوالائزر ایف ایکس ایپلی کیشن بیک گراؤنڈ میں رہتے ہوئے کام کرتی ہے، لیکن اس دوران یہ اپنا آئی کن ضرور اسکرین کے اوپرنوٹی فکیشن بار میں دکھاتی رہتی ہیں لیکن اگر آپ چاہیں تو اس کی سیٹنگز میں جا کر اسے غائب بھی کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی منتخب کر سکتے ہیں گانے چل رہے ہوں تو یہ ایپ کام کرے ورنہ خود بخود بند ہو جائے۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 124 میں شائع ہوئی