اگر آپ بھی سکیوریٹی کیمرا کہیں لگانا چاہتے ہیں تو یہ کام بہت ہی سستے داموں کر سکتے ہیں۔ اس سسٹم میں آپ اپنا کوئی پرانا کمپیوٹر حتیٰ کہ چاہے اس پر ونڈوز ایکس پی موجود ہو کو استعمال کر سکتے ہیں جبکہ کیمروں کے لیے آپ پرانے اسمارٹ فون یا ویب کیم کو استعمال کر سکتے ہیں۔
گھر، دفتر ہو یا دُکان سبھی جگہ اپنی قیمتی چیزوں کی حفاظت کے لیے آج کل سکیوریٹی کیمرا کا استعمال لازم و ملزوم ہو چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سکیوریٹی کیمرے نصب کرنے والی کمپنیز کے وارے نیارے ہو چکے ہیں، ان کے مہنگے داموں دستیاب سازو سامان کو لوگ ہر قیمت پر خریدنے پر مجبور ہیں۔
آئی اسپائی
دراصل یہ سب ممکن ہوتا ہے ’’آئی اسپائی‘‘ (iSpy) نامی پروگرام کی بدولت جو کہ اوپن سورس کے تحت بالکل مفت دستیاب ہے۔ اسے آپ جدید پی سی کے علاوہ پرانے کمپیوٹر پر ونڈوز ایکس پی کے ساتھ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ جس طرح آپ فلموں یا ڈراموں میں دیکھتے ہیں کہ لوگ ٹی وی یا کمپیوٹر اسکرین پر ایک ساتھ کئی سکیوریٹی کیمروں کے مناظر ایک ساتھ دیکھ رہے ہوتے ہیں بالکل اُسی طرح یہ پروگرام بھی آپ کے سسٹم میں شامل تمام کیمروں کی فیڈ ایک ہی اسکرین پر دِکھاتا ہے۔
مفت ہونے کے باوجود یہ پروگرام فیچرز سے بھرپور ہے۔ اس میں آپ آئی پی کیمرا، یو ایس بی کیمرا، حتیٰ کہ صرف مائیکروفون، اسمارٹ فون کیمرا یعنی ہر طرح کا کیمرا سکیوریٹی کیمرے کے طور پر شامل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر آپ کسی جگہ کسی کی مداخلت برداشت نہیں کرتے تو اس پروگرام میں موشن ڈٹیکٹیشن کا بندوبست بھی موجود ہے۔ یعنی کسی جگہ اگر کیمرا کوئی حرکت دیکھے گا تو فوری ای میل الرٹ کے ذریعے آپ کو خبردار کیا جائے گا۔
اس کیمرے شامل کرنے کی کوئی تعداد مخصوص نہیں، آپ جتنے چاہیں کیمرے اس میں شامل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کیمروں سے کی گئی ریکارڈنگز کو پی سی میں محفوظ کرنے کے علاوہ اپنے ایف ٹی پی سرور یا یوٹیوب پر بھی اپ لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ اس لاجواب پروگرام کو سمجھنے اور ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے اس کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں:
www.ispyconnect.com
نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 127 میں شائع ہوئی
اس سے قبل ہم ایک عدد اور بہترین پروگرام ایٹ ہوم کیمرہ کا ری ویو بھی کمپیوٹنگ میں شائع کر چکے ہیں۔ اس پروگرام کا بھی جائزہ لینا مت بھولیں:
ایٹ ہوم کیمرہ کی مدد سے کسی بھی ڈیوائس کو سکیوریٹی کیمرے میں بدلیں