اپریل 2014 ء تیزی سے قریب آرہا ہے اور مائیکروسافٹ اپنے صارفین کو نت نئے طریقوں سے اپ گریڈ کرنے پر راغب کررہا ہے۔ ایسی ہی ایک تازہ کوشش کے طور پر مائیکروسافٹ نے ایک مفت ٹول (سافٹ ویئر) ریلیز کیا ہے جو صارفین کے لئے مائیکروسافٹ ونڈوز ایکس پی کو اپ گریڈ کرنا آسان بناتا ہے۔ یہ سافٹ ویئر لیپ لنک (Laplink) کا بنایا ہوا ہے اور مائیکروسافٹ نے اس کمپنی کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ کرکے اس کا مفت ورژن PCmover Express for Windows XPجاری کیا ہے۔ اس ٹول کے ذریعے صارف ونڈوز ایکس پی پر موجود اپنا ڈیٹا بغیر کسی پریشانی کے دوسرے کمپیوٹر جس میں ونڈوز سیون یا اس سے بہتر ورژن انسٹال ہو، منتقل کرسکتا ہے۔ اس ڈیٹا میں صارف کی ای میلز، آڈیو و ویڈیو فائلز، ڈاکیومنٹس، تصاویر اور پوری یوزر پروفائل شامل ہے۔ یہ ٹول صارف کو یہ سہولت بھی فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنی منشاء کے مطابق صرف ضرورت کا ڈیٹا ہی منتقل کرے۔ ’’پی سی موور‘‘ مارچ کے پہلے ہفتے کے آخر میں WindowXP.com اور مائیکروسافٹ کے ڈائون لوڈسینٹر سے ڈائون لوڈنگ کے لئے دستیاب ہوگا۔یاد رہے کہ لیپ لنک نے پی سی موور سافٹ ویئر کا ایک پروفیشنل ورژن بھی جاری کررکھا ہے جو مفت دستیاب نہیں۔ پروفیشنل ورژن کے ذریعے صارف صرف ڈیٹا ہی نہیں بلکہ ونڈوز ایکس پی میں چلنے والی ایپلی کیشنز بھی ونڈوز سیون یا بہتر ورژن رکھنے والے کمپیوٹر پر منتقل کرسکتا ہے، یعنی صارف کو دوبارہ سافٹ ویئر انسٹال کرنے کی بھی ضرورت نہیں پیش آتی۔ تاہم یہ سہولت صرف ان ایپلی کیشنز تک محدود ہے جو ونڈوز کے نئے ورژن پر چل سکتی ہیں۔ وہ ایپلی کیشنز جنہیں ونڈوز سیون ، ونڈوز ایٹ یا ونڈوز 8.1 سپورٹ نہیں کرتی، اس کے ذریعے منتقل نہیں کی جاسکتیں۔ پروفیشنل ورژن کی قیمت تقریباً 24 ڈالر ہے۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ مارچ 2014 میں شائع ہوئی)