بچوں کی انٹرنیٹ پر کی گئی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھنےکے لیے بہترین ایپلی کیشن

آج کل کم عمر کے بچوں تک کو بھی انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہے اور والدین کو بالکل بھی اندازا نہیں ہوتا کہ فیس بک وغیرہ پر ان کے روابط کن لوگوں سے بڑھ رہے ہیں۔ والدین کی یہی بے خبری اکثر اوقات انتہائی گمبھیر صورتِ حال کو جنم دے رہی ہے جس سے بچنے کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ والدین بچوں کی انٹرنیٹ پر ہر سرگرمی سے آگاہ رہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بچوں کے لیے خصوصی اور محفوظ یوٹیوب ایپلی کیشن

اس حوالے سے کئی پینٹرول کنٹرول پروگرامز اور ایپلی کیشنز دستیاب ہیں جن میں سے اکثر کا ہم کمپیوٹنگ میں پہلے بھی ذکر کر چکے ہیں جیسے کہ ’’کیسپرسکی سیف کڈز‘‘ اور ’’ای سیفلی‘‘۔ یہ دونوں سروسز بچوں کو انٹرنیٹ کے غیر اخلاقی مواد سے محفوظ رکھتی ہیں اور ان کی تمام سرگرمیوں سے والدین کو باخبر رکھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بچوں کے اسمارٹ فون کی نگرانی کریں

اس حوالے سے ایک نئی سروس آپ کے لیے اس ماہ پیش خدمت ہے جس کا نام ’’کڈ لوگر‘‘ (Kidlogger) ہے۔ اس کی خوبی یہ ہے کہ کمپیوٹر و اسمارٹ فون دونوں کے لیے دستیاب ہے۔ اس کی انسٹالیشن کے ذریعے والدین انٹرنیٹ پر کی گئی تمام سرگرمیوں سے باآسانی اس کے لاگ کے ذریعے آگاہ رہ سکتے ہیں اور ایپلی کیشن پر بھی پاس ورڈ لگا سکتے ہیں تاکہ اسے بند نہ کیا جا سکے۔

kidlogger.net

کڈ لوگر کے ذریعے والدین کیا کچھ جان سکتے ہیں اس حوالے سے چند نقاط پیش خدمت ہیں:

بچوں نے کتنا وقت کمپیوٹر پر گزارا
انھوں نے کون کون سی ایپلی کیشنز کو استعمال کیا
کون کون سی ویب سائٹس دیکھی گئیں
فون، ایس ایم ایس، اسکائپ یا فیس بک کے ذریعے انھوں نے کن کن سے بات کی
فون لے کر وہ کن کن مقامات پر گئے
فون سے کون کون سی تصاویر بنائیں
اس طرح کے تمام لاگز جمع کرنے کے بعد یہ ایپ انھیں بذریعہ ای میل بھی آپ کو بھیج سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: انٹرنیٹ کو بچوں کے لیے محفوظ بنائیں

غرض بچوں کی نگرانی کرنے کے لیے یہ ایک بہترین ایپلی کیشن ہے جس کو انسٹال کر لینے کے بعد والدین بے فکر ہو کر کمپیوٹر یا فون بچوں کے حوالے کر سکتے ہیں۔ ونڈوز، میک، آئی فون اور اینڈروئیڈ کے لیے یہ ایپ محدود فیچرز کے ساتھ مفت دستیاب ہے اگر اس کے مکمل فیچرز سے استفادہ کرنا ہو تو اس کے لیے اس کا پروفیشنل ورژن خریدنا ہو گا۔

اپنے بچوں کو انٹرنیٹ پر غیر اخلاقی مواد سے محفوظ رکھیں

اس کے علاوہ اگر آپ اسے اسمارٹ فون پر انسٹال کرنے کے متمنی ہیں تو یہ ایپ اسٹور پر نہیں ملے گی بلکہ اس کی ویب سائٹ سے اسے ڈاؤن لوڈ کر کے فون میں منتقل کرنا ہو گا۔
اس کے کام کرنے کا سارا طریقہ کار پہلے اس کی ویب سائٹ پر ضرور مطالعہ کر لیں۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 122 میں شائع ہوئی

پیرینٹل کنٹرولوالدین