صرف چار حروف، کرسکتے ہیں ونڈوز سیون یا ونڈوز ایٹ کر کریش

یہ خامی ونڈوز وستا میں بھی موجود ہے

ونڈوز 7 کی عمر 8 سال ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ اب اس میں انوکھے بگز موجود نہیں ہیں۔ اس میں بہت سی اپ ڈیٹس کے باوجود کئی بگز رہ گئے ہیں۔ ایک بگ تو آپ کے پی سی کو کریش کر سکتا ہے۔روسی زبان کی ویب سائٹ Habrhabr.ru نے حال ہی میں ایک رپورٹ جاری کی ہے۔ جس کے مطابق ونڈوز 7 میں ایک ایسا بگ ہے جو صرف ایک ویب سائٹ وزٹ کرنے پر آپ کے سسٹم کو کریش کر سکتا ہے۔ یہ مسئلہ مائیکروسافٹ ونڈوز 8 اور ونڈوز وِستا کے ساتھ بھی ہے لیکن ونڈوز 10 اس سے متاثر نہیں ہوگی۔

اس بگ کی تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ اگر کوئی شرارتی ویب ڈویلپر اپنی ویب سائٹ کی تصاویر والی ڈائریکٹر ی کے نام میں چار کیریکٹر یعنی $MFTکا اضافہ کر دیتا ہے تو ویب سائٹ وزٹ کرنے والے ونڈوز 7 کے صارفین کے کمپیوٹر کریش ہوجائیں گے۔

دراصل ونڈوز کے لئے یہ چار حروف بہت خاص معنٰی رکھتے ہیں۔ ایم ایف ٹی کا مطلب ماسٹر فائل ٹیبل ہے اور یہ NTFS فائل سسٹم میں بہت اہمیت کی حامل فائل ہوتی ہے۔ اس کے ذریعے ڈرائیو میں موجود ہر فائل اور ڈائریکٹری کا ریکارڈ محفوظ ہوتا ہے۔ ساتھ ہی اس میں فائلوں اور ڈائریکٹریوں کا میٹا ڈیٹا مثلاً انہیں کب بنایا گیا، کب تبدیل کیا گیا اور اس پر کس صارف کو کیا حقوق یا اجازتیں حاصل ہیں۔

لیکن جب ان چار حروف کو ڈائریکٹری نیم میں استعمال کیا جاتا ہے تو ونڈوز کے لئے کئی مسائل کھڑے ہوجاتے ہیں جو اسے اتنا پریشان کرتے ہیں کہ کمپیوٹر سست ہوتے ہوتے بالکل ہینگ ہوجاتا ہے اور ایک وقت ایسا آتا ہے کہ آپ کے پاس کمپیوٹر کو ری سٹارٹ کیے بغیر کوئی چارہ نہیں رہتا۔ بعض دفعہ تو معاملہ یہاں تک خراب ہو جاتا ہے کہ پی سی پر بلیو اسکرین آف ڈیتھ ظاہر ہو جاتی ہے۔

اس خرابی کا پس منظر کچھ یوں ہے کہ ویب سائٹ کا بھی ایک فائل اسٹرکچر ہوتا ہے، جس میں ڈائریکٹری یا فولڈرز بھی شامل ہوتے ہیں۔ عام طور پرتصاویر کو images نامی ڈائریکٹری میں محفوظ کیا جاتا ہے۔یا اسی سے ملتے جلتے ناموں سے ڈائریکٹریز بنائی جاتی ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ اب تک اس بگ کو کوئی دریافت نہیں کرسکا۔ظاہر ہے کہ بھلا کون اپنی ویب سائٹ پر تصاویر محفوظ کرنے والی ڈائریکٹری کا نام $MFT رکھے گا۔ لیکن کہتے ہیں کہ بگ چاہے کتنا ہی معمولی کیوں نہ ہو، کبھی نہ کبھی دریافت ہوہی جاتا ہے۔ اس نئے بگ کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہے۔

بطور ونڈوز سیون صارف آپ اس بگ سے نمٹنے کے لئے فی الحال کچھ نہیں کرسکتے۔ لیکن چونکہ یہ بگ مائیکروسافٹ کے علم میں آچکا ہے، اس لئے اس بگ کو دور کرنے کے لئے سکیوریٹی اپ ڈیٹ / پیچ ضرور جاری کیا جائے گا۔ مائیکروسافٹ ونڈو زوِستا بھی اس بگ سے متاثرہ ہے۔ لیکن اس کے لئے کوئی اپ ڈیٹ جاری نہیں کی جائے گی کیونکہ اس کی سپورٹ ختم کی جاچکی ہے۔ ونڈوز وِستا میں اس کا حل یہ بتایا گیا ہے کہ ویب براؤزر کی سیٹنگ میں تبدیلی کرکے اسے تصاویر ڈاؤن لوڈ کرنے سے روک دیں۔

بگبگزمائیکروسافٹونڈوزونڈوز ایٹونڈوز سیون