فیس بک پر گیمز کھیلنا سبھی کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ گیمز کا بڑی اسکرین پر لُطف اُٹھانے کے لیے زیادہ تر لوگ انھیں پی سی پر کھیلتے ہیں لیکن پی سی پر گیمز کھیلتے ہوئے آپ مکمل طور پر براؤزر کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔ فیس بک کے اکثر گیمز کسی نہ کسی پلگ اِن کی کمی کی وجہ سے پی سی پر درست طریقے سے نہیں چلتے جس کی وجہ سے صارفین کوفت کا شکار ہو جاتے ہیں۔وہ کام جو براؤزرز اور مائیکروسافٹ نہ کر سکی اب فیس بک نے خود بڑی خوش اسلوبی سے کر دیا ہے۔ فیس بک نے ’’گیم روم‘‘ (GameRoom) کے نام سے ایک پروگرام متعارف کرایا ہے جس میں آپ فیس بک کے تمام گیمز کھیل سکتے ہیں۔
یہ پروگرام بالکل مفت دستیاب ہے اور چونکہ اسے خود فیس بک نے پیش کیا ہے اس لیے کم از کم فیس بک گیمز کھیلنے کے لیے اس سے بہتر کوئی پروگرام ہو ہی نہیں سکتا۔ فیس بک گیم روم آپ ونڈوز7 سے لے کر ونڈوز10 تک پر استعمال کر سکتے ہیں۔
www.facebook.com/gameroom
اس کی انسٹالیشن مکمل ہونے کے بعد اس میں آپ کو اپنی فیس بک آئی ڈی سے لاگ اِن ہونا پڑے گا۔ اگر پہلے سے کسی براؤزر میں آپ کا فیس بک اکاؤنٹ لاگ اِن ہے تو دوبارہ لاگ اِن کی ضرورت نہیں پڑے گی یہ براؤزر سے رابطہ کر کے آپ کا اکاؤنٹ خود بخود لاگ اِن کر دے گا۔
اس کے بعد آپ کے تمام پسندیدہ گیمز اس میں موجود ہوںگے۔ اس کے علاوہ نئے گیمز بھی آپ اس میں دیکھ سکتے ہیں اور گیمز کو تلاش بھی کر سکتے ہیں۔ جو گیم آپ کھیلنا چاہیں اُسے منتخب کریں تو وہ آپ کے پی سی میں ڈاؤن لوڈ ہونا شروع ہو جائے گا۔ اس طرح گیمز کھیلنا انتہائی آسان ہو جاتا ہے اور ضروری نہیں رہتا کہ گیم کھیلنے کے لیے آپ کی فیس بک وال اور فیڈ وغیرہ بھی کھلی رہے۔
یاد رہے کہ گیم روم استعمال کرنے کے لیے آپ کے پی سی میں موجود براؤزرز جیسے کہ گوگل کروم اور موزیلا فائر فوکس کا بھی تازہ ترین ورژن موجود ہونا چاہیے، براؤزر زیادہ تر خود بخود ہی اپ ڈیٹ ہو جاتے ہیں اس لیے اس حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 126 میں شائع ہوئی
اگر آپ یہ اور اس جیسی درجنوں معلوماتی تحاریر پڑھنا چاہتے ہیں تو گھر بیٹھے کمپیوٹنگ کا تازہ شمارہ حاصل کریں۔