فیس بک میسنجر میں ڈیٹا بچائیں

انٹرنیٹ پر ہر روز بہت سی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کی جاتی ہیں۔ ان تصاویر اور ویڈیوز کے سائز کو دیکھتے ہوئے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا سائز کس طرح صارفین کے ڈیٹا پیکجز کو پھونکتا ہوگا۔ اصل مسئلہ یہ بھی ہے کہ صارفین کو معلوم ہی نہیں ہوتا اور ان کا ڈیٹا خرچ ہوتا رہتا ہے۔ اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیس بک نے ارادہ کیا ہے کہ وہ مسئلے نہیں بلکہ اس کے حل کاحصہ بنے گا۔

پاکستان میں تھری جی اور فور جی کی آمد سے یہاں کے صارفین ایک نئی پریشانی یعنی ڈیٹا پیکج کا فٹا فٹ ختم ہوجانا، میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ تیز رفتار انٹرنیٹ کی وجہ سے جہاں ویڈیو اور تصاویر بہت جلد ڈاؤن لوڈ ہوجاتی ہیں، وہیں اس تیز رفتاری نے صارفین کے ڈیٹا پیکج کے خرچ ہونے کی رفتار میں بھی اضافہ کیا ہے۔ ایک اوسط صارف ماہانہ 1 گیگا بائٹس تک کا ڈیٹا خرچ کردیتا ہے۔

فیس بک نے اپنے میسنجر کے بی ٹا ورژن میں Data Saver فیچر کا اضافہ کیا ہے۔ بی ٹا ورژن کے ترتیبات یعنی سیٹنگز کے آپشن سے اسے آن یا آف کیا جا سکتا ہے۔آن کرنے کی صورت میں ڈیٹا سیور بڑے سائز کی فائلوں کو چھپا دیتا ہے۔ یہ ویڈیو یا تصاویر صارفین کو اب بھی نظر آ رہی ہوتیں ہیں تاہم صارفین کو انہیں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ان پر ٹیپ کرنا پڑتا ہے۔ یہ بالکل وٹس ایپ کے خودکار ڈاؤن لوڈنگ کے غیر فعال کرنے جیسا فیچر ہے، جس میں تصاویر یا ویڈیوز کو ٹیپ کرکے ڈاؤن لوڈ کرنا پڑتا ہے۔فیس بک نے ایک ڈیٹا کاؤنٹر بھی شامل کیا ہے جو صارفین کو بتائے گا کہ اس سہولت کو فعال کرنے سے اس نے کتنے ڈیٹا کی بچت کی۔ اس کاؤنٹر کو صارف reset بھی کرسکے گا۔

یاد رہے کہ ڈیٹا سیور کی سہولت صرف اسی وقت کام کرے گی جب صارف موبائل ڈیٹا استعمال کررہا ہوگا۔ وائی فائی پر یہ سہولت خود بخود غیر فعال ہوجائے گی اور تصاویر و ویڈیوز صارف سے پوچھے بغیر ہی ڈاؤن لوڈ کرلی جائیں گی۔ یہ سہولت گروپ چیٹ کے دوران کافی مفید ثابت ہوگی جہاں بہت سے صارفین تصاویر اور ویڈیوز شیئر کررہے ہوتے ہیں۔ اگر یہ ساری ویڈیوز اور تصاویر خودبخود ڈاؤن لوڈ ہوجائیں تو صارف کا ڈیٹا پیکج بہت جلد ختم ہوسکتا ہے۔

جون میں فیس بک نے اسی نام سے یہ فیچر اپنی موبائل ایپلی کیشن کے لیے بھی جاری کیا تھا۔ اسے مینیو ٹیب میں ہیلپ اور سیٹنگ کے تحت دیکھا جا سکتاہے۔ تاہم یہ تھوڑا مختلف طریقے سے کام کرتا ہے۔ یہ تصاویر کو چھپانے کے بجائے اس کا سائز کم کر دیتا ہے اور ویڈیو کا خود بخود چلنا غیر فعال کردیتا ہے۔ چونکہ فیس بک پر ہر صارفین کی نیوز فیڈ میں درجنوں سے لے کر سینکڑوں ویڈیوز نظر آتی ہیں، اس لیے یہ فیچر ڈیٹا بچانے کے معاملے میں کافی کارآمد رہا ہے۔

فیس بک موبائل ایپ میں ڈیٹا کے استعمال کو کنٹرول کرنے کےلیے ایک فیچر اور بھی ہے ۔ اس فیچر میں تین آپشنز ہیں۔ یہ آپشنز Less، Normal اور More کے ہیں۔ Less میں ایپلی کیشن کوئی بھی تصویر نہیں دکھاتی۔ Normal میں فوٹو دکھائی تو دیتی ہے مگر کم کوالٹی میں اور More میں فوٹو ہائی کوالٹی میں ظاہر ہوتی ہے۔

اس فیچر کو فعال کرنے کےلیے فیس بک موبائل ایپ کی سیٹنگ میں جائیں پھر پرائیویسی میں جائیں۔ وہاں پر General پر ٹیپ/ کلک کریں اور Data Usage Settings کے تینوں آپشنز میں سے کوئی ایک منتخب کرلیں۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 123 میں شائع ہوئی