فوت ہوجانے والے فیس بک صارفین کے اکاؤنٹس کا کیا ہوتا ہے؟

فیس بک نے اس حوالے سے اپنے FAQs سیکشن میں خاصی تفصیل سے معلومات فراہم کررکھی ہے۔ فیس بک کے مطابق فوت ہوجانے والے شخص کے فیس بک اکاؤنٹ کو یا تو فیس بک سے مکمل طور پر ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے یا پھر اس اکاؤنٹ کو memorialized کیا جاسکتا ہے۔ کسی فوت شدہ شخص کے فیس بک اکاؤنٹ کو ڈیلیٹ کرنے کی درخواست اس کے قریبی رشتے داراور دوست احباب کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے درخواست مندرجہ ذیل ربط پر جمع کروائی جاسکتی ہے:

https://www.facebook.com/help/contact/228813257197480

یاد رہے کہ آپ کو فوت شدہ کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ یا کوئی تصدیق شدہ دستاویز درکار ہوگی جس سے فیس بک انتقال کی تصدیق کرسکے۔ اس حوالے سے خاص احتیاط کی ضرورت ہے کہ دستاویز پر فوت شدہ شخص کی تفصیلات اس کے فیس بک اکاؤنٹ پر دی گئی تفصیلات سے میل کھاتی ہونی چاہئے۔ بعض اوقات نام میں معمولی فرق کی بنیاد پر بھی فیس بک درخواست مسترد کردیتا ہے۔

اوپر بتائے گئے ربط کے ذریعے آپ اکاؤنٹ کے حوالے سے مخصوص درخواست بھی کرسکتے ہیں مثلاً جیسا کہ آپ نے فرمایا کہ فوت شدہ شخص کے اکاؤنٹ پر غیر اخلاقی مواد نظر آرہا ہے، آپ مندرجہ بالا درخواست فارم کے ذریعے ایسے مواد کو حذف کرنے کی درخواست کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ایک بار اکاؤنٹ ڈیلیٹ ہوگیا تو اسے واپس بحال نہیں کیا جاسکتا۔

بیشتر مواقع پر فوت شدہ کے فیس بک اکاؤنٹ کومکمل طور پر حذف کردینے سے memorialized کردینا کہیں بہتر رہتا ہے۔ یہ ایک خاص طرح کا اکاؤنٹ ہوتا ہے جو صرف فوت شدہ لوگوں کے لئے مخصوص ہے اور جب لوگ اس اکاؤنٹ کو ملاحظہ کرتے ہیں تو فوت شدہ شخص کے پروفائل نیم کے ساتھ Remembering لکھا نظر آتا ہے۔ آپ اسے یادگاری اکاؤنٹ کہہ سکتے ہیں جہاں فوت شدہ کے رشتے دار اور دوست احباب اپنی یادیں بانٹ سکتے ہیں۔ اس اکاؤنٹ پر فوت شدہ شخص کی جانب سے شائع کیا گیا تمام مواد اور تصاویر فیس بک پر موجود رہتے ہیں۔ تاہم اس اکاؤنٹ پر کوئی لاگ ان نہیں ہوسکتا اور نہ ہی یہ پروفائل فیس بک پر تلاش کرنے سے ملتی ہے۔ بلکہ اس تک رسائی صرف انہیں حاصل ہوتی ہے جو فوت شدہ کے دوست تھے یا پھر انہیں پروفائل کا مکمل یو آر ایل پتا ہے۔

بعض ممالک میں فیس بک نے legacy contact فراہم کرنے کی سہولت بھی دے رکھی ہے۔ یہ فوت شدہ شخص کے قریبی رشے دار یا عزیز کا فیس بک اکاؤنٹ ہوتا ہے جو فوت شدہ کے memorialized اکاؤنٹ کا انتظام سنبھالتا ہے۔ بدقسمتی سے یہ سہولت پاکستانی صارفین کو فی الحال میسر نہیں۔
ایسے گروپ جن کے ایڈمن فوت ہوگئے ہوں اور فیس بک کو فوت شدہ ایڈمن کے حوالے سے ضروری دستاویز مہیا کردی گئی ہوں، فیس بک اس گروپ کے ممبران کو اپنا نیا ایڈمنسٹریٹر منتخب کرنے کا اختیار دیتا ہے۔ البتہ ایسے فیس بک فین پیجز جن کا ایک ہی ایڈمن ہو، فوتگی کی درخواست ملنے پر فیس بک سے ختم کردیئے جاتے ہیں۔

فوت شدہ کے اکاؤنٹ کو یادگاری اکاؤنٹ میں تبدیل کرنے کی درخواست مندرجہ ذیل ربط کے ذریعے کی جاسکتی ہے:

https://www.facebook.com/help/contact/651319028315841

فیس بک
تبصرے (1)
Add Comment
  • Ashraf Memon

    ASSALAMU ALAIKUM,ME ASHRAF MEMON ADMIN MIRACLES OF ALMIGHTY ALLAH NAMES IN FIGURES,YA RASOOL ALLAH AAPKE CHAHNE WALO KI HO KHER/FACE BOOK.COM ME AAPKE TUQRIBUN HUR POST SHARE KURTA HOON OR AAPKE POSTS KAFI INFORMATIVE HOTE HAIN OR HUMJAISE ANADIYOUN KE LIYE KUCH HELPFULL BHI HAIN,ALLAHTA’ALA AAPKO OR SATH HI AAPKE JOINT STAFF KO BHI DIN DUGNI RAAT TIGNI TURUQQI OR MEHNUT KA PHUL ATA KURE,AAMEEN