کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ "اگر آپ کو کچھ فروخت نہیں کیاجا رہا تو آپ خود پروڈکٹ ہیں”، اور اگر یہ جملہ سب سے زیادہ کسی پر فٹ ہو سکتا ہے تو وہ فیس بک ہے۔ یہ سوشل نیٹ ورک تقریباً 2 ارب صارفین کا حامل ہے اور مفت مواد پیش کرتا ہے، اتنا زیادہ کہ لوگوں کی بڑی تعداد گھنٹوں اس پر اپنا وقت ضائع کرتی ہے۔ فیس بک مستقبل میں آپ کا مزید وقت لینے کے لیے کام کر رہا ہے، میسنجر، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کے ذریعے بھی کیونکہ صارفین جتنا وقت فیس بک پر گزاریں گے، ادارہ ان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ ڈیٹا اکٹھا کر سکے گا اور یہ ڈیٹا اشتہار دینے والے اداروں کو ان کے پلیٹ فارم پر لائے گا۔ نتیجہ؟ ڈالرز ہی ڈالرز!
آپ اشتہارات پر کلک کریں، اس کا امکان بڑھانے کے لیے فیس بک انہیں خاص مقامات پر بڑی خوبی کے ساتھ لگاتا ہے تاکہ فیس بک کی آمدنی میں اضافہ ہو، اشتہار دینے والے بھی قائل ہوتے رہیں کہ انہیں نتیجہ مل رہا ہے اور سب سے بڑھ کر فیس بک آپ کے رحجانات کے بارے میں جان سکے۔ ذرا یہ تصویر دیکھیں:
یہ صرف ایک جھلک ہے کہ فیس بک آپ کے بارے میں کیا معلومات رکھتا ہے۔ یہ معلومات کچھ زیادہ نہیں؟ کسی ایسے ‘شخص’ کے لیے جس سے آپ کبھی زندگی میں نہیں ملے؟ یہ سب کچھ بتاتی ہیں کہ ایک صارف کیا ہے اور اس کی دلچسپیاں کون سی ہیں؟ آپ کو پتہ چل رہا ہے کہ صارف کون سا فون استعمال کر رہا ہے، اس کے ڈیسک ٹاپ پر آپریٹنگ سسٹم پر کون سا ہے اور براؤزر کون سا؟ اس کی سفری عادات یہاں تک کہ سیاسی وابستگی بھی پتہ چل رہی ہے۔
یہ تمام اندازے میرے اور آپ جیسے صارفین کے لائیک کیے گئے صفحات، اسٹیٹس اپڈیٹس، دوستوں، پیشے، شعبے، مقام اور اشتہارات پر کلک کرنے کی عادات سے لیے گئے ہیں۔
فیس بک ہر صارف کی ایسی ہی خاکہ کشی کرتا ہے اور یہ وہ ڈیٹا ہے جو اس نے پبلک کر رکھا ہے، یعنی ہم خود اسے دیکھ سکتے ہیں اور جو ‘کاروباری راز’ ہے، اس کا آپ اندازہ بھی نہیں لگا سکتے۔
یہ حیران کن بھی ہے اور اس سے زیادہ ڈراؤنا بھی۔ بلاشبہ ہم اپنی مرضی سے یہ معلومات دیتے ہیں اور اس بارے میں سوچنا بھی گوارا نہیں کرتے لیکن اس طرح ہم ہیکرز کے رحم و کرم پر بھی آ جاتے ہیں۔ آن لائن پرائیویسی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ایسی ہی ویب سائٹس ہیں جو ہم روزانہ استعمال کرتے ہیں۔
اگر آپ بھی اپنا فیس بک ایڈ پروفائل دیکھنا چاہتے ہیں تو یہاں کلک کیجیے۔
یہاں آپ Your Information>Your Categories میں جائیں اور اندازہ ہو جائے گا کہ فیس بک آپ کے بارے میں کافی حد تک درست معلومات رکھتا ہے۔
ویسے اگر کوئی معلومات غلط بھی ہے تو آپ ڈیلیٹ کر سکتے ہیں۔ اور ہاں! اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ معلومات ڈیلیٹ کرنے سے آپ کو فیس بک پر کم اشتہارات نظر آئیں گے تو آپ بہت معصوم ہیں۔